بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

بینات

 
 

تبصرہ وتعارف ، نقدونظر

نسیم المفتي في حل مباحث شرح عقود رسم المفتي

مرتب: مفتی رضوان نسیم قاسمی۔ صفحات: ۱۳۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الایمان، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03212466024
’’عقود رسم المفتی‘‘ ایک نظم (منظومہ) ہے، جو افتاء اور فتویٰ نویسی کے اصول وضوابط پر مشتمل ہے، اس کی شرح ’’شرح عقود رسم المفتي‘ ‘ کے نام سے مشہور ومعروف کتاب ہے جو مفتی کا کورس کرنے والے تخصصِ فقہِ اسلامی کے طلبہ کو پڑھائی جاتی ہے، زیرِتبصرہ کتاب میں اس نظم کا ترجمہ کیا گیا ہے، افتاء اور فتویٰ نویسی کے اصول وضوابط اور منہج و طُرق بیان کیے گئے ہیں، فقہ اور فتاویٰ کی معتبر اور غیرمعتبر کتب کی علامات ذکر کی گئی ہیں اور ائمہ کے اختلافی اقوال میں ترجیح کے اصول وقواعد پر مستند اور معتبر کتب کے بارے میں اَبحاث درج کی گئی ہیں۔ اس کتاب کے مرتب مفتی رضوان نسیم قاسمی صاحب ہندوستان کے معہد الدراسات العلیا، پھلواری شریف پٹنہ کے فقہ و افتاء کے استاذ ہیں۔ کتاب کے اہم عنوانات درج ذیل ہیں: پہلا باب: منظومہ عقود رسم المفتی۔ دوسرا باب: افتاء اور فتویٰ کے اصول و مناہج۔ شخصیت کی بنیاد پر ترجیح کے ۱۳ اصول۔ کتابوں کی بنیاد پر ترجیح کے ۶ اصول۔ دلیل کی بنیاد پر ترجیح کے ۵ اصول۔ الفاظِ ترجیح کی بنیاد پر ترجیح کے ۱۰ اصول۔ کتابوں کے غیرمعتبر ہونے کے ۱۰ اسباب۔ فقہاء کے سات طبقات ابن کمال پاشا کے نزدیک۔ 
کتاب کی جلد کارڈ کور پر ہے، کاغذ ہلکا ہے۔ تصحیح اور سیٹنگ بہتر ہے۔ کتاب متخصصین اور مفتیانِ کرام کے لیے لائقِ مطالعہ ہے۔ 

جواہراتِ قاسمی

بیانات: مفتی محمد قاسم العباسی صاحبؒ۔ صفحات: ۲۴۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارۃ العباسیۃ للنشر و التوزیع، کراچی۔ رابطہ نمبر:  03332972550
زیرِتبصرہ کتاب مولانا موصوف کے جمعہ کے بیانات کی جلد اول ہے، جس میں ۱۲ بیانات ہیں۔ بیانات کے عناوین اچھے ہیں، مواد بھی ماشاء اللہ بہتر ہے۔ کتاب کا کاغذ عمدہ ہے، مگر سیٹنگ ، علاماتِ ترقیم وغیرہ کا اہتمام نہیں ہے۔ فونٹ کشیدہ رکھا گیا ہے، جو بلاوجہ صفحات کی کثرت کا سبب ہے۔ کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب ہے، جلد بندی بھی مضبوط ہے۔ کتاب کے ناشر کی جگہ ’’ادارۃ العباسیہ‘‘ لکھا ہے، یہ ترکیب درست نہیں ہے، اسے یا تو مکمل عربی تعبیر میں الف لام کے ساتھ ’’الادارۃ العباسیۃ‘‘ ہونا چاہیے، یا اردو تعبیر میں ’’ادارۃ العباسی‘‘ اضافت کے ساتھ ہونا چاہیے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ ان خطبات و بیانات کا نفع عام فرمائے اور صاحبِ افادات کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے، آمین

مروجہ موضوع احادیث کا علمی جائزہ

مؤلف: مولانا محمد یاسین خان صاحب۔ زیرِ نگرانی:مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی صاحب۔ صفحات:۵۳۶۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر:مکتبۃ الایمان، کراچی۔ سنِ اشاعت: جمادی الثانی ۱۴۴۵ھ/ دسمبر۲۰۲۳ء۔ رابطہ نمبر: 03212466024
احادیثِ مبارکہ قرآنِ کریم کے بعد دینِ اسلام کا دوسرا ماخذ اور قرآنِ کریم کی توضیح وتشریح ہیں، اسی اہمیت کے پیشِ نظر ہردور میں محدثین کرام رحمہم اللہ نے احادیثِ مبارکہ کی حفاظت کا حد درجہ اہتما م فرمایا ہے، نیز اس سلسلے میں واعظین اور عوام الناس میں رائج موضوع ومن گھڑت، معتبر وغیر معتبر زبان زد عام روایات کی تحقیق کرکے ان کی حقیقت واضح کی ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب بھی اسی نوعیت کا ایک کام ہے، یہ کتاب درحقیقت ’’موضوع روایات‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ ’’تکبیرِ مسلسل‘‘ میں مؤلف کی لکھی گئی مختلف تحریرات کا مجموعہ ہے، جو انہوں نے اپنے استاذ مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی صاحب (شیخ الحدیث، بانی ومہتمم الجامعۃ العلوم الاسلامیہ، مسیح العلوم، بنگلور) کی زیرِ نگرانی اور ان کی اصلاح و مشورے سے لکھی ہیں۔
کتاب کے شروع میں مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی صاحب کا ۲۸ صفحات پر مشتمل مقدمہ ہے، پھر ۱۰۰ صفحات پر مشتمل مؤلف کا مقدمۃ العلم ہے، مقدمہ اور مقدمۃ العلم ’’وضعِ حدیث کا فتنہ‘‘، ’’وضعِ حدیث کے اسباب ومحرکات‘‘، ’’فتنہ وضعِ حدیث کے خلاف محدثین کےکارنامے ‘‘ ،’’حدیثِ موضوع‘‘، ’’وضعِ حدیث کی تاریخ‘‘ ،’’حدیثِ موضوع کو پہچاننے کی صورتیں، ’’وضع کے چند خاص اسباب‘‘، ’’وضعِ حدیث اور موضوع روایات کو بیان کرنے کا حکم‘‘،’’من گھڑت روایات کی چند بڑی قباحتیں‘‘، اور ’’من گھڑت روایات کے برے اثرات‘‘ جیسے مفید عنوانات پر مشتمل ہیں۔ دونوں مقدمات کے مذکورہ مندرجات فائدے سے خالی تو نہیں ہیں، تاہم ان سے کتاب کی ایک تہائی ضخامت میں اضافہ ہو گیا ہے، کیا ہی اچھا ہو تا کہ مذکورہ عنوانات کو کسی قدر اختصار کے ساتھ کم صفحات میں سمیٹ دیاجاتا!
بعد ازاں آخر کتاب تک ( ۱۶۰) موضوع ومن گھڑت، معتبر و غیر معتبر زبان زد عام روایات کی تحقیق ذکر کی گئی ہے۔ دورانِ تحقیق مؤلف نے بعض روایات میں بعض واعظین کے خطبات کے نام لکھ کر روایات نقل کرکے پھر ان کی تحقیق کی ہے، کیا ہی اچھا ہوتا کہ موصوف واعظین اور ان کے خطبات کا نام ذکر کیے بغیر صرف روایات اور ان کی تحقیق ذکر کردیتے! نیز حوالہ جات میں جلد اور صفحہ نمبر کے ساتھ طبع لکھنے کا اہتمام نہیں کیاگیا، جس کی کسی قدر تلافی کتاب کے آخر میں دیے گئے فہرستِ کتابیات سے ہوجاتی ہے، البتہ بعض کتب مثلاً: ’’اللآلي للزرکشي‘‘، ’’النخبۃ البہيۃ‘‘، ’’الأحاديث المختارۃ‘‘ کے نام دورانِ تحقیق تو مذکور ہیں، مگر فہرستِ کتابیات میں مذکور نہیں ہیں۔ 
کتاب چوں کہ اردو زبان میں ہے، اس لیے عنوانات وغیرہ میں بھی اردو الفاظ کے استعمال کا اہتمام کرنا چاہیے،بعض جگہ مثلاً: ’’فہرس ‘‘، ’’عناوین‘‘،’’ قائمۃ المصادر ‘‘ اردو کے بجائے عربی الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ اسی طرح عربی عبارات میں یکسانیت نہیں رکھی گئی، کہیں عبارات پر اعراب لگائے گئے ہیں اور کہیں اس کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ نیز کتاب کی تصحیح وپروف ریڈنگ کا اہتمام تو کیا گیاہے، مگر پھر بھی کہیں اردو عبارت عربی فونٹ میں اورکہیں املاء وترقیم کی غلطیاں ہیں، اسپیس تو بہت سی جگہوں پر نظر آرہا ہے۔ بہر حال! کتاب کا کاغذ ہلکا، جلد مناسب اور ٹائٹل دیدہ زیب اور خوبصورت ہے۔ کتاب مجموعی طور پر مفید ہے، مستند حوالوں سے مزین ہے ، موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک عمدہ سوغات ہے،البتہ بعض احادیث کی تحقیق کے نتائج سے اختلاف کیاجاسکتا ہے،اور اس نوعیت کے کاموں میں اس کی گنجائش ہوتی ہے، خود مؤلف نے بھی کسی غلطی یا کمی بیشی کی نشان دہی کی صورت میں ازالہ یااضافہ کا عندیہ دیا ہے، ایک محقق کا یہی شعار ہونا چاہیے، کیوں کہ تحقیق ایک بحرِ ناپیدا کنار ہے، جس میں مزید تدقیق وجستجو کا امکان وضرورت باقی رہتی ہے۔

شرح اسمائے حسنیٰ (دو جلدیں)

جمع وترتیب: مولانا محمد حنیف عبدالمجید صاحب۔ صفحات جلد اول: ۵۷۶۔ صفحات جلد دوم: ۴۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ سنِ اشاعت: ۱۴۳۵ھ مطابق ۲۰۱۴ء۔ ناشر:مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر:02132726509
اس وقت ہمارے پیش نظر کتاب کا تیسرا ایڈیشن ہے،جو ۱۴۳۵ھ میں شائع ہوا ہے۔ اس کتاب کی مقبولیت کی علامت ہے کہ ماشاء اللہ کتاب کے تین ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔ اس کتاب کا موضوع اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ کی تفصیل وتشریح اور فوائد و خواص کا بیان ہے۔ کتاب کے طبع اول کے مطابق درج ذیل ترتیب اور خصوصیات کا لحاظ رکھا گیا ہے:
’’۱- اسمائے حسنیٰ کے لغوی واصطلاحی معنی۔ ۲- قرآنِ کریم کی جن آیات میں اسمائے حسنیٰ کا ذکر ہے، ان میں سے کم از کم تین آیات کا ذکر۔ ۳- قرآنی آیات، احادیثِ نبویہ اور ائمہ کرام کے اقوال کی روشنی میں اسمائے حسنیٰ کی تشریح۔ ۴- اسمائے حسنیٰ سے تعلق پیدا کرنے کے لیے ایمان افروز واقعات اور مواعظِ حسنہ۔ ۵- ہر اسم کے تحت اس اسم کی خصوصیات سے متعلق مفید اذکار اور دعائیں۔ ۶- ہر اسم کے آخر میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق بڑھانے کے لیے فوائد ونصائح۔ ۷-کتاب میں ذکر کی جانے والی دعاؤں اور واقعات کی دونوں جلدوں کے آخر میں مستقل فہرست۔‘‘

تیسرے ایڈیشن میں مزید خصوصیات درج ذیل ہیں: 
’’۱- غیرضروری مضامین کی کانٹ چھانٹ۔ ۲- حتی الامکان علاماتِ ترقیم اور اردو واملاء کی درستی کا اہتمام۔ ۳- ہر مبارک نام سے متعلق دعاؤں کا مزید اضافہ۔ ۴- ہر مبارک نام کے ذیل میں اس نام سے متعلق مضامین کا اضافہ۔ ۵- حوالہ جات کو مزید بہتر، مستنداور مکمل کرنے کا اہتمام۔ ۶- تمام مضامین کی ترتیبِ نو اور ربط سازی۔‘‘ 
ہر مسلمان کے لیے بالعموم اور وظائف وعملیات سے شغف رکھنے والوں کے لیے بالخصوص یہ کتاب بہترین تحفہ ہے۔ اس کے پڑھنے سے عقیدۂ توحید میں پختگی کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے محبت اور یقین میں اضافہ ہوگا، ان شاء اللہ
کتاب کا کاغذ اعلیٰ(میٹ پیپر)، طباعت دورنگہ اور جلد بندی مضبوط ہے۔ 

ایک سو قرآنی فارمولے

تالیف: مولانا غیاث احمد رشادی۔ صفحات: ۷۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الایمان، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03212466024
صفحات کے اعتبار سے یہ ایک مختصر رسالہ اپنی قدرومنزلت کے اعتبار سے ایک شاندار اور بہترین اصلاحی کتاب ہے۔ کلامِ الٰہی میں مذکور دینی ودنیاوی کامیابی اور نجات وغیرہ سے متعلق احکام و اعمال اور اصول وفارمولے خوبصورت عناوین کے تحت جمع و ترتیب دیے گئے ہیں۔ مختلف عنوانات کے تحت قرآن مجید کی آیات مع ترجمہ اور مختصر تشریح درج کی گئی ہیں۔ چند عنوانات ملاحظہ فرمائیں: اطمینانِ قلب کا فارمولہ، اللہ کی رحمتیں پانے کا فارمولہ، اللہ کی لعنت سے بچنے کا فارمولہ، حصولِ جنت کا فارمولہ، دنیا وآخرت کی بھلائی پانے کا فارمولہ، خوف اور حزن سے بچنے کا فارمولہ، ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کا فارمولہ، چوری کو معاشرہ سے ختم کرنے کا فارمولہ، وغیرہ۔ 
ماشاء اللہ! اس کتاب کے مؤلف مولانا غیاث احمد رشادی صاحب قرآن مجید کے علوم ومعارف سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اور اس نوع کی اورکتابیں بھی شائع کرچکے ہیں۔ بالخصوص ’’روحِ قرآن‘‘ کے نام سے اُن کی ایک کتاب ہے جو مضامینِ قرآن کا انسائیکلوپیڈیا ہے، مختلف عنوانات کے تحت آیاتِ قرآنی کو جمع کیا گیا ہے، ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ بہرحال زیرِ تبصرہ رسالہ قرآن مجید میں مذکور کامیابی کے اُصولوں کا خلاصہ اور نچوڑ ہے، جس کے مطالعہ سے تھوڑے وقت میں انسان قرآنی تعلیمات کا وافر حصہ حاصل کرلیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کو جزائے خیر عطا فرمائے اور کتاب کا نفع عام فرمائے۔ ہماری رائے میں ہر مسلمان کو اس کتاب کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔ کتابچہ کارڈ کور پر ہے، کاغذ متوسط ہے۔ ہماری رائے میں اس رسالہ کا اگلا ایڈیشن اس موضوع کے شایانِ شان ہونا چاہیے، کتاب کی تصحیح، سیٹنگ اور کاغذ کی طرف توجہ کی ضرورت ہے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین