تالیف: حضرت مولانا ڈاکٹر محمد حبیب اللہ مختار شہیدؒ۔ اشاعتِ پنجم۔ صفحات: ۶۵۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الحبیب، جامعہ عربیہ اسلامیہ، کمشنر سوسائٹی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03333422703
’’کتاب الاٰثار‘‘ درحقیقت امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابتؒ کی تصنیف ہے، جسے امام صاحبؒ کے نامور خاص شاگرد اور فقہِ حنفی کے مدوّن ومرتب امام محمد بن الحسن الشیبانیؒ نے اپنی روایت سے نقل کیا ہے۔ ’’کتاب الاٰثار‘‘ کو امام ابوحنیفہؒ نے چالیس ہزار احادیث وآثار میں سے انتخاب کرکے ترتیب دیا ہے۔ حدیث کی تمام کتابوں میں اس کتاب کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہ پہلی کتاب ہے جسے ابوابِ فقہیہ پرترتیب دیا گیا ہے، اور زیادہ تر مختلف فیہ مسائل کے اعتبار سے ابواب قائم کیے گئے ہیں، جس سےکتاب کی اہمیت اور افادیت بڑھ گئی ہے۔ یہ کتاب اصل میں تو امام ابوحنیفہؒ کی تصنیف ہے، مگر بہت سے شاگردوں نے امام صاحبؒ سے اس کو نقل کیا ہے، اس لیے اس کتاب کی نسبت شاگردوں کی طرف بھی کردی جاتی ہے، جیسے ’’کتاب الاٰثار لمحمد بن الحسن، کتاب الاٰثار لأبي یوسف، وغیرہ ‘‘ یہ نسبت اس لیے کی جاتی ہے کہ یہ شاگرد اپنے استاذ کی تائید کے لیے اصل کتاب میں دیگر مشائخ سے بھی احادیث وآثار اور اقوال نقل کردیتے ہیں۔ امام محمدؒ نے بھی امام ابوحنیفہؒ کی اس کتاب کو اپنی سند سےنقل کرتے ہوئے کتاب میں دیگر تقریباً بیس مشائخ سے روایات نقل کی ہیں۔ اور اپنے مذہب اور شیخ کے مذہب کے بیان کے لیے اضافہ جات کیے، جس سے کتاب کی افادیت دو چند ہوگئی ہے۔ اُردو میں اس کتاب کی شروحات عموماً میسر نہیں تھیں، جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے سابق رئیس حضرت مولانا ڈاکٹر محمد حبیب اللہ مختار شہید رحمۃ اللہ علیہ نے اس علمی تشنگی کو دور کرنے کے لیے شرح کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے کتاب کے ترجمہ کے ساتھ ساتھ حسب ضرورت شرح بھی فرمادی، یہ شرح یقیناً اس کتاب کی مکمل شرح ہے، جس میں کئی فقہی اور فتاویٰ کی کتب سے فقہی مسائل وجزئیات بھی نقل کردی گئی ہیں۔ اس کتاب کی اردو شرح نہ ہونے سے اردو داں طبقہ میں جو ایک قسم کی علمی تشنگی تھی، وہ الحمد للہ دور ہوگئی ہے۔ اس شرح کی پہلی اشاعت ۱۴۱۲ھ/ ۱۹۹۱ء میں ہوئی تھی، اور اب یہ پانچویں اشاعت ہے، ماشاء اللہ۔ نیا ایڈیشن پرانی کتابت کا فوٹو لے کر چھاپا گیا ہے، مگر طباعت صاف ستھری ہے، کاغذ مناسب ہے۔ البتہ جلد بندی مضبوط ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کا نفع عام فرمائے اور شارح رحمۃ اللہ علیہ اور ناشرین کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے اور حضرت شارح رحمۃ اللہ علیہ کی دیگر قیمتی اور نایاب کتب کو بھی از سرِ نو منظرِ عام پر لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
جمع و ترتیب: مولانا محمد حنیف عبدالمجید، مولانا نوید امین۔ صفحات: ۴۰۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: بیت العلم، فائزہ ٹیرس، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03222583199
زیرِ نظر مجموعہ عوامی حلقوں میں درسی مقاصد کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کا مواد ہمہ جہت ہے، جس میں ایمانیات، عبادات، معاملات، معاشیات اور اخلاقیات ہر شعبہ سے متعلق مواد شامل ہے۔ اس مجموعہ کی کئی خصوصیات ہیں، بالخصوص کم وقت میں عوام الناس کو اسلامی احکامات سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ مجموعہ دو حصوں پر مشتمل ہے، سال کے بارہ مہینوں کے اعتبار سے روزانہ کا ایک درس مرتب کیا گیا ہے، جس کے چار بڑے عناوین ہیں: ۱-قرآن، ۲-حدیث، ۳-دعا اور ۴-نصیحت۔ ان چاروں موضوعات میں زیادہ تر معاشرتی اور اخلاقی رہنمائی پر مشتمل آیات واحادیث وغیرہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ قرآن کریم کی اکثر آیات قرآنی ترتیب سے ذکر کی گئی ہیں ، الا یہ کہ کسی خاص موضوع پر کوئی آیت بغیر ترتیب کے بھی لائی گئی ہے، جیسے ربیع الاول کے مہینہ میں سیرت کے حوالہ سے کچھ آیات ترتیب کے بغیر مقدم ذکر کی گئی ہیں۔ چاروں بنیادی عناوین کے تحت اکثر ایک ہی موضوع پر مواد جمع کیا گیا ہے (سوائے بعض مقامات کے)، تاکہ سامعین کو ایک ہی موضوع پر سیرحاصل پیغام مل جائے، مثلاً یکم ربیع الاول کی تاریخ کے موضوعات درج ذیل ہیں: ۱-قرآن کریم: حبِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت۔ ۲-حدیث : نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت/ کامل ایمان۔ ۳- دعا: اللہ ورسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی محبت حاصل کرنے کی دعا۔ ۴-نصیحت: حبِ رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے تقاضے۔ نیز ذکر کردہ موضوع پر عمل کرنے کے فوائد اور عمل نہ کرنے کے نقصانات بھی بیان کیے گئے ہیں۔ دعا بھی ہر دن کے موضوع کی مناسبت سے ذکر کی گئی ہے۔ ہر درس کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالات بھی دیے گئے ہیں، تاکہ یاددہانی بھی ہوجائے اور سوالات پوچھنے سے موضوع ذہن میں پختہ ہوجائے اور سامعین کی توجہ اور شوق میں بھی اضافہ ہو۔ تقریباً مکمل مواد مستند اور باحوالہ ہے۔
زیرِ تبصرہ کتاب کے دو حصوں میں سے پہلا حصہ محرم سے جمادی الثانیہ تک اور دوسرا حصہ رجب المرجب سے ذوالحجہ تک کے دروس پر مشتمل ہے۔ ہماری رائے میں یہ کتاب مساجد، مدارس، اسکول، کالجز، یونیورسٹیوں اور گھروں میں درس کے لیے بہترین مواد پر مشتمل ہونے کی بناپر بے حد مفید ثابت ہوگی، ان شاء اللہ ۔ کتاب کی کمپوزنگ اور سیٹنگ بہترین، طباعت دو رنگی ہے۔ ٹائٹل خوبصورت اور جلد بندی مضبوط ہے۔