بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1446ھ 19 اپریل 2025 ء

بینات

 
 

تبصرہ وتعارف (نقدونظر)

تبصرہ وتعارف (نقدونظر)

 

رحمتِ عالم  صلی اللہ علیہ وسلم 

مصنف: حضرت علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ ۔ صفحات: ۱۵۲۔ عام قیمت: ۴۶۰۔ ناشر: زمزم پبلشرز، شاہزیب سینٹر نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03098204773
زیرِ تبصرہ مقبولِ عام کتاب رسولِ کریم  صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت کے موضوع پر ہے۔ اس کے مصنف مشہور ومعروف عالم دین، مؤرخ ، مصنف ، نامور سیرت نگارحضرت مولانا سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ  ہیں ، جو سیرت کی ایک شہرت یافتہ کتاب ’’سیرت النبیؐ ‘‘ کے شریک مصنف ہیں ۔ ’’سیرتِ نبوی علیٰ صاحبہا الصلوات والتسلیمات  ‘‘ ایسا خوبصورت اور عظیم موضوع ہے کہ ایک مسلمان کو اپنے دین کے ساتھ جوڑنے اور دین کی اہمیت وعظمت دل میں  پیدا کرنے کا بہترین اور مضبوط ذریعہ ہے۔ مشاہدہ اور تجربہ ہے کہ سیرت کا مطالعہ کرنے والوں  کا دین سے رشتہ اور تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جاتا ہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کی محبت وعظمت بھی دل میں  راسخ ہوتی ہے، جو ایک مسلمان کے لیے ایسے ہی ضروری ہے جیسے زندہ انسان کے لیے سانس لینا۔ بہرحال زیرِ نظر کتاب ’’سیرت ‘‘ کے موضوع پر ایک مختصر مگر جامع اور معتبر کتاب ہے، جو عام افراد ، معمولی لکھے پڑھے ہوئے اور چھوٹے بچوں  کے لیے عام فہم اُسلوب وانداز اور سادہ اور آسان زبان میں  لکھی گئی ہے۔ کتاب حجم کے اعتبار سے مختصر ہونے کے باوجود سیرتِ نبویؐ کے اکثر اور اہم موضوعات کا اِحاطہ کرتی ہے۔ 
یہ کتاب پہلی مرتبہ آج سے تقریباً پچاسی سال قبل ۱۳۵۹ھ مطابق ۱۹۴۰ء میں  شائع ہوئی اور اتنی مقبول ہوئی کہ دو چار سال میں  اس کے کئی ایڈیشن ہزاروں  کی تعداد میں  شائع ہوکر ختم ہوگئے۔ کئی زبانوں  میں  اس کے ترجمے کیے گئے ہیں ۔ ہندوستان کے سیکڑوں ، ہزاروں  مدارس ، مکاتب اور اسکولوں  میں  داخلِ نصاب رہی ہے۔ یہ کتاب اس قابل ہے کہ گھروں  میں  اس کی تعلیم کی جائے ، مدارس ومکاتب اور اسکولوں  میں  اسے داخلِ نصاب کرکے باقاعدہ پڑھایا جائے۔ 
زیرِنظر ایڈیشن پاکستان کے معروف ناشر و طابع ’’زمزم پبلشرز ‘‘ کا شائع کردہ ہے۔ کتاب کا کاغذ اعلیٰ ہے، کمپوزنگ اور سیٹنگ عمدہ ہے، ٹائٹل دیدہ زیب اور جلد بندی کارڈ کور پر ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مصنف و ناشر کو جزائے خیر عطا فرمائے اور قارئین کو استفادہ کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین