تالیف: حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب۔ صفحات پہلا حصہ : ۶۷۶۔ صفحات دوسراحصہ : ۵۹۶۔ صفحات تیسرا حصہ : ۴۲۰۔ صفحات چوتھا حصہ : ۴۴۴۔ صفحات پانچواں حصہ :۵۲۰ ۔ صفحات چھٹا حصہ: ۵۹۲ ۔ عام قیمت مکمل سیٹ(۶؍ جلدیں):۶۹۰۰۔ ناشر وملنے کا پتہ: زمزم پبلشرز، گوالی نمبر:۳، دوکان نمبر:۲، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03098204773
زیرِتبصرہ کتاب چھ جلدوں اور ۳۲۴۸ صفحات پر مشتمل ایک ضخیم مجموعہ ہے، جس میں ہندوستان کے معروف عالم دین حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہٗ کے تحریر کردہ وہ مضامین ہیں جو مختلف اخبارات مثلاً روزنامہ ’’منصف- حیدرآباد دَکن‘‘ اور روزنامہ ’’انقلاب- ممبئی‘‘ اور دیگر ہندو پاک کے روزناموں اور ہفت روزوں میں تقریباً پچیس سال سے ’’شمعِ فروزاں‘‘ کے عنوان سے شائع ہوتے آرہے ہیں۔ یہ مضامین عام افراد کی استعداد اور ذہنی مستویٰ کو سامنے رکھ کر عام فہم ، تذکیری اور دعوتی اُسلوب میں لکھے گئے ہیں، ساتھ ساتھ کہیں علمی دلائل بھی ذکر کیے گئے ہیں۔ ان مضامین کے موضوعات متنوّع اور زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق ہیں، عقائد واَفکار سے لے کر معاملات تک ہر قسم کے فکری اور عملی موضوعات ہیں۔ مضامین کے عنوانات بھی دلچسپ، انوکھے اور معاصر احوال کے مناسب ہیں۔ طرزِ بیان بھی اعلیٰ اور جاذب ہے۔ ان مضامین کو مختلف حضرات نے کافی محنت سے اخبارات سے تلاش کرکے جمع وترتیب دیا ہے، جن میں سے چند یہ ہیں: مولانا محمد نعمت اللہ قاسمی مکی، مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی، مفتی شاہد علی قاسمی، وغیرہ۔
ہم ’’مشتے نمونہ از خروارے‘‘ کے طور پر ہر حصہ/ جلد کا خلاصہ یہاں نقل کردیتے ہیں، جسے ہر جلد اور حصہ کے فرنٹ ٹائٹل پر بھی دیا گیا ہے:
پہلا حصہ: ’’اسلام پر کیے جانے والے بے جا اعتراضات اور عالمِ اسلام پر مغرب کی یلغار کے واقعات وغیرہ سے متعلق ان مدلل اور بصیرت افروز مضامین کا مجموعہ جو ہفتہ وار کالم ’’شمعِ فروزاں‘‘ میں شائع ہوتا رہا ہے۔‘‘
دوسرا حصہ: ’’مسلم پرسنل لا، نیز ملی وقومی اور سیاسی مسائل سے متعلق ’’شمعِ فروزاں‘‘ کالم کے تحت شائع ہونے والے ہفتہ وار چشم کشا اور دلچسپ مضامین کا مجموعہ۔‘‘
تیسرا حصہ: ’’دعوتِ دین کی اہمیت، علماء کی ذمہ داری، اسلام دشمن فتنوں کا تعاقب، سیاست کے میدان میں مسلمانوں کے لیے لائحہ عمل جیسے اہم موضوعات پر مختصر مگر دل ودماغ کو دستک دینے والے مضامین کا مجموعہ۔‘‘
چوتھا حصہ: ’’علماء کی ذمہ داریاں، تکفیر میں احتیاط، مسلمانوں کے لیے حفاظتِ خود اختیاری، سرمایہ کاری اور تجارت، ہمسایوں کے ساتھ تعلقات اور اس طرح کے دوسرے اہم موضوعات پر لکھے گئے ہفت روزہ کالم کے مضامین کا مجموعہ۔‘‘
پانچواں حصہ: ’’اتحادِ ملّت، سماجی برائیوں کا علاج، سود کی شناعت اور بعض اخلاقی مفاسد سے متعلق قرآن وحدیث کی روشنی میں مختصر، جامع اور مؤثر مضامین۔‘‘
چھٹا حصہ: ’’دینی تعلیم، دینی مدارس، علماء کے فرائض، عصری تعلیم کی اہمیت اور طریقۂ کار، بچوں کی تربیت اور اساتذہ کی ذمہ داریاں، نیز اسلامی یادگار تاریخوں اور مہینوں سے متعلق سبق آموز پہلوؤں پر گفتگو۔‘‘
ہمارے خیال میں یہ مجموعہ تمام علماء ، عوام الناس اور مطالعہ کے شوقین حضرات کے لیے بالعموم اور مساجد کے ائمہ وخطباء، دعوتِ دین کے میدانوں میں مصروفِ عمل اور دینی جماعتوں اورتحریکوں سے منسلک حضرات کے لیے بالخصوص انتہائی مفید اور لائقِ استفادہ ہے، جس کے مطالعہ سے دینی دعوت اور دینی محنت میں مزید نکھار پیداہوگا، ان شاء اللہ۔
نیز زیرِتبصرہ کتاب کاناشر یعنی ادارہ ’’زمزم پبلشرز‘‘ مبارک باد اور تعریف و ستائش کا مستحق ہے کہ ایسے مفید، نایاب اور دور دراز کے مواد اور لٹریچر کو مملکتِ خداد پاکستان میں شائع کرکے قارئین کو علمی استفادہ کا موقع فراہم کرتا ہے، فجزاہم اللہ خیرا ۔
کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب، کاغذ متوسط، کمپوزنگ اور سیٹنگ بہترین، اور جلد بندی مضبوط ہے۔