گزشتہ دنوں کوئٹہ اور عمرکوٹ سندھ میں مبیّنہ گستاخی و توہینِ رسالت کے الزام میں دو ملزمان کو پولیس تحویل میں قتل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ توہینِ رسالت کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ تشویش ناک ہے۔ نیز ہمارے ادارے اور عدالتیں بھی گستاخوں کو سزا دینے کی بجائے رعایت دیتی ہیں، جس کی بنا پر مسلمانوں میں قانون ہاتھ میں لینے کا رجحان پروان چڑھایا جا رہا ہے، جوکسی بھی اعتبار سےامن و مان کے لیے نیک شگون نہیں، اس کے ساتھ ساتھ یہ ہمارے اداروں اور عدالتوں کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہےکہ ایسا کیوں ہو رہا ہے اور کون کروا رہا ہے؟ بہرحال ! ہم اپنے مسلمان بھائیوں سے اپیل کریں گے کہ گستاخانِ ِرسالت اور قادیانیوں کی خلافِ اسلام و خلاف ِ پاکستان سرگرمیوں کے خلاف از خود کوئی قدم اُٹھانے کی بجائے اداروں اور عدالتوں سے رجوع کریں، اور ہماری عدالتیں بھی عدل و انصاف سے کام لیتے ہوئے مجرموں کو کیفرِکردار تک پہنچائیں۔
اللہ تعالیٰ ہمارے ملک میں امن و امان نصیب فرمائے، ہمارے ملک کو صحیح معنوں میں اسلام کا قلعہ بنائے، جس نظریۂ اسلام پر یہ مملکت ِ خداداد حاصل کی گئی تھی ‘ اس کے تقاضوں کے عین مطابق اس کو بنانے اور اس کو چلانے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمارے ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی ہر اعتبار سے حفاظت فرمائے، آمین بجاہ سید المرسلین !
وصلی اللہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ سیدنا محمد و علٰی آلہٖ و صحبہٖ أجمعین