بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 شوال 1446ھ 29 اپریل 2025 ء

بینات

 
 

میرے والد ماجد  رحمۃ اللہ علیہ  کی رحلت

میرے والد ماجد  رحمۃ اللہ علیہ  کی رحلت


میرے والد محترم جناب عبدالسلام (لفافے والے) رحمۃ اللہ علیہ  دنیا کی تقریباً سو بہاریں دیکھ کر مؤرخہ ۲۲؍جمادی الثانیہ ۱۴۴۶ھ مطابق ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۴ء منگل اور بدھ کی درمیانی شب سونے کی حالت میں اللہ تعالیٰ کو پیارے ہوگئے۔ إنا للہ وإنا إلیہ راجعون، اللّٰہم اغفر لہٗ وارحمہ ، آمین 
والد صاحب دہلی میں پیدا ہوئے۔ ہمارے داداجی بہت پہلے میوات کے علاقہ گڑگاؤں سے دہلی میں آباد ہوچکے تھے۔ والد صاحبؒ کو داداجی نے مدرسہ نظام الدین تبلیغی مرکز میں بانیِ تبلیغی جماعت حضرت جی مولانا محمد الیاس صاحبؒ کے پاس داخل کروادیا۔ حضرت جیؒ کے گھر میں آنے جانےاور گھر کے چھوٹے موٹے کام کاج کرنے پر حضرت جیؒ سے اور اُن کی اہلیہ محترمہ سے بہت بہت دعائیں ملاکرتی تھیں۔ وہیں سے تبلیغی ذہن اور مزاج بن گیاتھا، وہیں سے حاجی عبد الوہاب صاحبؒ سے دوستی بھی ہوگئی جو اُن کی اخیر عمر تک باقی رہی۔اندرون اور بیرون بہت سے تبلیغی تبلیغی اسفار کیے۔ اوکاڑہ شہر میں رہتے تھے اور وہاں تبلیغی کام شروع کرنے والے اور پرانے تبلیغی کام کرنے والوں میں شمار ہوتے تھے۔ حج وعمرہ کرنے اور دوسروں کو حج وعمرہ کی ترغیب وتربیت دینے کا بھی بہت شوق تھا، کئی حج وعمرے ادا کیے۔جن لوگوں کا معلوم ہوتا کہ قرآن پاک نہیں پڑھنا آتا تو بڑی عمر میں اُن کو قرآن پاک کی تعلیم دینا شروع کردیتے۔ مسجدیں بنوانے اور مساجدومدارس کے ساتھ تعاون میں بھی متحرک رہتے تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کے نقش قدم پر چلنے کی ہم سب کو توفیق عطا فرمائے، آمین 
تقریباً ۱۰؍ سالوں سے یہ ترتیب تھی کہ سردی کے دوتین مہینے گزارنے کراچی آجاتے تھے۔ اس مرتبہ بھی حسب معمول سردی کا موسم گزارنے کے لیے ۲۰؍نومبر کو کراچی آگئے تھے کہ اچانک ایک رات کو یہ جان گزار وجان گسل واقعہ والد صاحب کے انتقال کی شکل میں پیش آیا، إنا للہ وإنا إلیہ راجعون۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ والد مرحوم کی کامل ومکمل مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں ان کو اعلیٰ مقام ودرجات عطا فرمائے، ان کے زندگی بھر کے کارِخیر کو ان کے لیے ذریعۂ نجات وذخیرۂ آخرت بنائے۔ ہماری والدہ صاحبہ اور ہم تمام پسماندگان ولواحقین کو صبرِ جمیل واجر عظیم عطا فرمائے، آمین ثم آمین!
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین