مؤلف: مفتی سید انور شاہ۔ صفحات: ۴۰۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الحماد، دکان نمبر:۸، سلام کتب مارکیٹ، نزد جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی۔ رابطہ نمبر: 03343455955
اسلام کی جامعیت کے کئی پہلؤوں میں سے ایک پہلو یہ بھی ہے کہ بچوں کا اچھا اور بامعنی نام رکھنے کی ترغیب دی گئی ہے، اور نقصان دہ، غیرمناسب، بے معنی اور مہمل ناموں سے بچنے کا حکم دیا گیا ہے۔ زیرِتبصرہ کتاب اسی پہلو کی اہمیت وحساسیت کو سامنے رکھتے ہوئے لکھی گئی ہے، جو ناموں ، کنیت اور القابات کے احکام سے متعلق تفصیلی اور تحقیقی کتاب ہے، جامعہ بیت السلام لنک روڈ، کراچی کے استاذ مفتی سید انور شاہ صاحب کی جمع اور مرتب کردہ ہے۔ اس کتاب میں ناموں کےمعانی، احکام، اثرات، فوائدو نقصانات وغیرہ کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کی فہرست سے کتاب کی اہمیت اور مواد کا اندازہ ہوتا ہے، پوری کتاب کی اِجمالی فہرست درج ذیل ہے:’’۱-شخصیت پر ناموں کے اثرات ، شریعت اور جدید سائنس کی روشنی میں۔ ۲-ناموں کے متعلق پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی اصلاحات اور ہدایات۔ ۳- اسلامی ناموں کے متعلق غیرمسلموں کی سازش۔ ۴-اچھے اور عمدہ ناموں کی اقسام۔ ۵- ممنوعہ اور ناپسندیدہ ناموں کی تفصیل۔ ۶- کنیت اور نسبتی ناموں کے احکام۔ ۷- ناموں کے متعلق اہم فنی قواعد۔ ۸- مذہبی القابات کی شرعی حیثیت۔ ۹- انبیاء کرام علیہم السلام کے مبارک نام۔ ۱۰- درجہ بندی کے لحاظ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے نام۔ ۱۱- خوبصورت اور مستند اسلامی نام۔‘‘
کتاب کی دیگر خصوصیات میں سے ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ ایک نسبت رکھنے والی معروف شخصیات کے نام یکجا جمع کردیے گئے ہیں، بطور نمونہ چند عنوانات درج ذیل ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہراتؓ کے نام، اہل بیت اطہارؓ کے نام اور مصداق، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی باندیوں کے نام، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اولادؓ کی تعداد اور نام، خلفائے راشدینؓ کے نام، عشرہ مبشرہؓ کے نام، شہدائے غزوہ بدرؓ کے نام، بدری مہاجر صحابہؓ کے نام، بدری انصاری صحابہؓ کے نام، فقہاء صحابہ کرامؓ کے نام اور درجہ بندی، منصب قضا پر فائز صحابہ کرامؓ کے نام، مفسرین صحابہ کرامؓ کے نام، ائمہ اربعہ کے نام، اصحابِ صحاحِ ستہ کے نام، سات فقہائے مدینہ کے نام، وغیرہ۔
کتاب کے آخر میں فہرس المصادر والمراجع بھی ہے۔ کتاب اپنے موضوع پر تحقیقی ، باحوالہ اور مفید ہے۔ کتاب کا کاغذ عمدہ، جلد مضبوط اور ٹائٹل دیدہ زیب ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کتاب کو قبولیت عطا فرمائے اور فاضل مرتب و ناشرین کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے۔ آمین ثم آمین