بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر رجب المرجب 1444ھ

نقدونظر رجب المرجب 1444ھ

 

اندھیروں سے اُجالے تک (جلد اول)

جناب ڈاکٹر محمد آصف صاحب۔ صفحات: ۲۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: شعبہ تبلیغ تحفظِ ختمِ نبوت، مجلس احرارِ اسلام، پاکستان۔ ملنے کا پتا:مرکزی دفتر:دار بنی ہاشم، ایم۔ڈی۔اے چوک، ملتان۔رابطہ نمبر: 061-4511961
ایسے کتنے خوش نصیب لوگ ہیں جو پیدا تو کفر کی آغوش میں ہوئے، لیکن نورِ اسلام کی چمک نے انہیں اپنے دامن میں لے لیا۔مؤلفِ کتاب جناب ڈاکٹر محمد آصف صاحب بھی قادیانیت سے تائب ہوکر اسلام کی دولت سے مالامال ہوئے ہیں۔ کسی زمانہ میں وہ قادیانیت کے داعی اور مبلغ بھی رہ چکے ہیں۔ قادیانیت کی گمراہی اور دجل وتلبیس کو بہت قریب سے دیکھ چکے ہیں ۔ نعمتِ اسلام کی قدردانی ہے کہ ڈاکٹر صاحب اب اسلام کے داعی اور مبلغ ہیں، ان کو اللہ تعالیٰ نے داعیانہ جذبہ اور اسلوب عطا فرمایا ہے، ان کی دعوت، اسلوبِ دعوت، ان کی دلی تڑپ اور دل سے نکلی دعاؤں کے نتیجے میں کئی افراد بالخصوص قادیانی افراد اور گھرانے ان کے ہاتھ پر اسلام قبول کرچکے ہیں۔ 
زیرِتبصرہ کتاب نومسلمین کے انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے ایسے ۱۳ خوش نصیب لوگوں کے انٹرویو لیے جنہوں نے سالہا سال کفر (قادیانیت، ہندو ازم اور بہائیت، وغیرہ) میں گزارنے کے بعد اسلام کے دامنِ رحمت میں پناہ لی۔ ان انٹرویوز سے پتہ چلتاہے کہ دین اسلام کو قبول کرنے کے بعد کس طرح انہیں دلی اطمینان اور سکون کی نعمت ملی۔ڈاکٹر صاحب نے وہ تمام انٹرویو اس کتاب میں جمع کردئیے ہیں۔ یہ کتاب ایسی ہے کہ مبلغین اور داعی حضرات غیرمسلموں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کے لیے انہیں یہ پڑھنے کے لیے پیش کریں تو اس کا خاطرخواہ فائدہ ہوگا، ان شاء اللہ ۔ غیر مسلموں کے لیے اس کتاب میں دعوت ہے اور مسلمانوں اور بالخصوص نومسلمین کے لیے اس میں تسلی اور اطمینان کا سامان ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اس کتاب کو غیرمسلموں کے لیے ہدایت اور راہنمائی کا ذریعہ بنائے ، آمین۔کتاب ظاہری اور باطنی خوبیوں سے مزین ہے۔ کاغذ ، ٹائٹل  اور جلد بندی سب بہترین ہیں۔

منتخب احادیث

جناب ڈاکٹر محمد آصف صاحب۔ صفحات: ۶۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: شعبہ تبلیغ تحفظِ ختمِ نبوت، مجلس احرارِ اسلام، پاکستان۔ ملنے کا پتا:مرکزی دفتردار بنی ہاشم، ایم۔ڈی۔اے چوک، ملتان۔رابطہ نمبر: 061-4511961
اس رسالہ میں عقیدہ ختمِ نبوت، عمومی فتن، ظہورِ مہدی اور نزولِ سیدنا عیسیٰ k اور فتنہ دجال کے متعلق احادیث کو جمع کیاگیا ہے۔ ان احادیث کی تخریج حافظ محمد فیضان صاحب نے کی ہے اور ہر حدیث کے بعد اس کا اردو ترجمہ بھی لکھا گیا ہے۔ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کا کام کرنے والوں کے لیے یہ کتابچہ ایک بہترین راہ نماہے۔کاغذاور ٹائٹل وغیرہ سب بہترین ہیں۔

قادیانیت (احمدیت) ایک تعارف

جناب ارشد سراج الدین صاحب۔۔۔۔ جناب ڈاکٹر محمد آصف صاحب۔ صفحات:۲۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:شعبہ تبلیغ تحفظِ ختمِ نبوت، مجلس احرارِ اسلام، پاکستان۔ ملنے کا پتا:مرکزی دفتر:دار بنی ہاشم، ایم۔ڈی۔اے چوک، ملتان۔رابطہ نمبر: 061-4511961
اس رسالہ میں مرزا غلام احمد قادیانی کا تعارف، اس کے دعاوی، قادیانیت کے چند فرقوں کا تعارف، قادیانیت سیاسی نقطہ نگاہ سے، قادیانیت کے عملی تائج ایک تاریخی جائزہ، وغیرہ جیسے عنوانات کے تحت مواد جمع کیاگیاہے۔ قادیانیت کو سمجھنے کے لیے یہ رسالہ ایک راہنما کی حیثیت رکھتاہے۔

حسن العہد من الإیمان

مولانا ابو حمید اللہ عبد الرشید کوہستانی توحیدی صاحب۔ صفحات:۴۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: شعبہ نشر واشاعت خانقاہ اشرفیہ اختریہ وجامعہ اختر العلوم، اسلام آباد۔فون نمبر: 0314-5580988
زیرِ تبصرہ کتاب ’’حسن العہد من الإیمان‘‘ کے مؤلف مولانا عبد الرشید کوہستانی توحیدی صاحب جامعہ اشرف المدارس گلشن اقبال کے فاضل اور حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب نور اللہ مرقدہٗ کے مسترشد اور خلیفہ مجاز ہیں، جنہوں نے اپنے شیخ کی خانقاہ اور جامعہ میں دوسال سے زائد عرصہ رہ کر تربیت پائی، انہوں نے تصوف کے موضوع پر یہ کتاب مرتب کی ہے۔ یہ کتاب ایک مقدمہ اور چھ ابواب پر مشتمل ہے:
بابِ اول: نسبت کے بیان میں کہ شیخ اور مرید کے درمیان کیا نسبت ہے؟ اور شیخ کی اولاد کے ساتھ کیا نسبت ہوتی ہے؟
بابِ دوم: نسبتِ شیخ کی خاطر شیخ کے اہل وعیال کے ساتھ ادب واحترام سے پیش آناچاہیے۔
بابِ سوم:اولیاء اللہ کی اولاد کے ساتھ اچھا سلوک کرناچاہیے۔
بابِ چہارم: مطلقاً زندوں کے اعمال عالم برزخ والوں پر پیش کیے جاتے ہیں۔
بابِ پنجم:حضرت تھانویؒ اور دیگر مشائخ کے ملفوظات۔
بابِ ششم: مؤلف کے مختلف موضوع اور مختلف عنوانات پر تحریر شدہ مضامین جو سہ ماہی ’’الاختر‘‘ اسلام آباد میں وقتاً فوقتاً چھپتے رہے۔ 
کتاب پڑھنے سے پتا چلتاہے کہ یہ کتاب جلدی میں طبع کی گئی ہے، کچھ اردو کی اغلاط بھی نظر آئی ہیں، کئی جگہیں ایسی ہیں کہ عربی عبارت تو ہے، لیکن اس کا ترجمہ نہیں کیاگیا۔
بہرحال مؤلف نے تصوف کے موضوع کے متعلق کتبِ تفاسیر اور کتبِ احادیث کے علاوہ شیوخ کی مایہ ناز کتب سے بڑی جانفشانی اور محنتِ شاقہ سے مستدلات اور حوالہ جات کو جمع کیا ہے۔ سالکین بلکہ ہر ایک مسلمان کے لیے بطور اصلاحِ نفس اس کتاب کا پڑھنا بہت مفید ہے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین