ایک ویب سائٹ پر کمپنیوں کے اشتہارات آتے ہیں اور جو آدمی اپنا اکاؤنٹ بناکر اس ویب سائٹ پر وہ اشتہارات دیکھے گا تو اس پر اسے کچھ پیسے ملیں گے ، اس کمائی کا کیا حکم ہے؟
عموماً ویب سائٹس پر جو اشتہارات لگائے جاتے ہیں اُن میں سے اکثر اشتہارات جان دار کی تصاویر پر مشتمل ہوتے ہیں اور جس طرح جان دار کی تصویر بنانا شرعاً منع ہے اسی طرح اُس کی ترویج اور تشہیر بھی ممنوع ہے، اسی طرح بہت سے اشتہارات دیگر غیر شرعی امور پر مشتمل ہوتے ہیں؛ لہذا اگر مذکورہ طریقہ کار میں اشتہارات کی تشہیر ہوتی ہے تو یہ گناہ کے کام میں معاونت ہے؛ اس لیے ایسی کمائی جائز نہ ہوگی۔ اس کے علاوہ اشتہار دیکھنا کوئی ایسا کام نہیں ہے جس پر اجارہ کے جواز کا فتوی دیاجاسکے،مزید یہ کہ اس میں دھوکا دہی کا پہلو بھی ہے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144012200949
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن