بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1446ھ 19 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

بارہ ربیع الاول کو صدقہ خیرات کرنا کا حکم


سوال

 بارہ (12) ربیع الاول کو خیرات کرنا کیسا ہے؟

جواب

صدقہ، زکاۃ وخیرات کے جواز یا عدمِ جواز کا بارہ ربیع الاول کے ساتھ تعلق نہیں ہے، بلکہ جو خیرات اللہ تعالیٰ کی رضا کےلیے ثواب کی نیت سے دی جائے وہ جائز، اور جو اللہ تعالیٰ کے غیر کی خوشنودی اور غیر اللہ کے نام پر دی جائے وہ ناجائز اور حرام ہوجاتی ہے۔

بارہ ربیع الاول کے دن صدقہ خیرات کے قرآن وسنت سے مخصوص فضائل ثابت نہیں ہیں، بلکہ بعض لوگوں نے اپنی طرف سے اس دن کھانے پینےکی اشیاء تقسیم کرنے کےلیے من گھڑت باتیں بنائی ہوئی ہیں، جو سراسر بدعت ہیں۔

البتہ اگر کوئی شخص بارہ ربیع الاول کی مناسبت ، اس دن کی تخصیص، یا اس دن کی عام دنوں کی نسبت زیادہ فضیلت سمجھے بغیر صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کےلیے کوئی چیز صدقہ خیرات کردے تو جائز ہے، اور وہ چیز بھی حلال ہے، لیکن چونکہ آج کل عموماً اس دن خاص بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے صدقہ خیرات دیے جاتے ہیں، اس لیے اگر صدقہ خیرات دینا ہو، اور اتفاق سے یہ (بارہ ربیع االاول کا)دن ہو تو بہتر یہ ہے کہ اس سے ایک دن پہلے یا بعد میں دے دیا جائے۔

قرآنِ کریم میں ہے:

"إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنْزِيرِ وَمَا أُهِلَّ بِهِ لِغَيْرِ اللَّهِ."                     (البقرة: 173)

ترجمہ:”اللہ نے تو تم پر صرف حرام کیا ہے مردار کو اور خون کو (جو بہتا ہو) اور خنزید کے گوشت کو (اسی طرح کے سب اجزاء کو بھی) اور ایسے جانور کو جو (بقصد تقرب) غیر اللہ کیلئے نامزد کردیا ہو۔“(بیان القرآن)

صحيح مسلممیں ہے:

"عن عائشة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:  من أحدث في أمرنا هذا ما ليس منه فهو رد."

ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ہمارے اس (دین کے) معاملہ میں کوئی نئی چیز شروع کرے گا تو وہ مردود ہے۔

(كتاب الأقضية، باب نقض الأحكام الباطلة ورد محدثات الأمور، 2/ 77، ط:قديمی)

فقط واللہ اَعلم


فتوی نمبر : 144603101652

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں