بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1446ھ 20 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

اگر میں اس گھر میں رہا تو میری بیوی کو طلاق کا حکم


سوال

گھر میں بھائیوں کے جھگڑے میں شوہر نے کہا ”اگر میں اس گھر میں رہا تو میری بیوی کو طلاق“۔ اب وہ شوہر الگ گھر میں رہ رہا ہے آیا طلاق ہوئی یا نہیں؟ اب وہ واپس اس گھر آنا چاہتا ہے، اس کی کیا صورت بنے گی۔ اگر آجائے تو کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟ اور تجدید نکاح وغیرہ يارجوع وغیرہ سے نکاح بحال ہوجائے گا؟

جواب

صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص  کے ان الفاظ ”اگر میں  اس گھر میں رہا تو میری بیوی کو طلاق“ سے مذکورہ شخص کے مذکورہ گھر میں رہنےپر ایک طلاق معلق ہوگئی ہے۔ اب وہ جب مذکورہ گھر میں رہے گا تو اس کی بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہوجائے گی۔

اب مذکورہ شخص کے لیے دو صورتیں ہیں یا تو مستقل بنیادوں پر اس گھر کو چھوڑ کر دوسرے گھر میں رہائش اختیار کرلے اور اگر یہ ممکن نہیں ہے تو پھر مذکورہ گھر میں  آجائے، بیوی پر ایک طلاق رجعی واقع ہوجائے گی، پھر بیوی سے رجوع  کرلے یعنی بیوی کو یہ الفاظ ” میں نے تم سے رجوع کیا (یا اس کے مثل کوئی بھی الفاظ کہہ دے)“ کہہ دے ۔ رجوع کے بعد مذکورہ شخص کے پاس مزید صرف دو طلاقوں کا اختیار ہوگا۔نیز مذکورہ گھر میں رہنے سے مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ ایک طلاق واقع ہونے پر تعلیق ختم ہوجائے گی۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"ولو حلف لا يدخل هذه الدار فدخلها بعد ما انهدمت وصارت صحراء حنث ولو حلف لا يدخل هذه الدار فخربت ثم بنيت أخرى فدخلها يحنث وإن جعلت مسجدا أو حماما أو بستانا أو بني بيتا فدخله لم يحنث وكذا إذا دخلها بعد انهدام الحمام وأشباهه كذا في الهداية."

(کتاب الیمین، باب ثالث ،ج نمبر ۲، ص نمبر ۶۸، دار الفکر)

وفیہ ایضاً:

"إذا وجد الشرط انحلت اليمين وانتهت."

(کتاب الطلاق،باب رابع، فصل اول، ج نمبر ۱، ص نمبر ۴۱۵، دار الفکر)

وفیہ ایضاً:

"وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق."

(کتاب الطلاق،باب رابع، فصل ثالث، ج نمبر ۱، ص نمبر ۴۱۵، دار الفکر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144602101133

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں