میاں بیوی کے درمیان ازدواجی تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہو چکے ہیں، بیوی کی شکایت ہے کہ شوہر کے گھر میں ذہنی دباؤ اور تناؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ شوہر ضرورت سے زیادہ کام کا بوجھ ڈالتا ہے، تھکن کے باوجود اسے اپنی بہن کے گھر صفائی پر مجبور کرتا ہے اور کام مکمل نہ ہونے پر سخت رویہ اختیار کرتا ہے۔ دوسری طرف، شوہر کا کہنا ہے کہ بیوی بروقت حکم کی تعمیل نہیں کرتی اور منفی رویہ اپناتی ہے، دونوں تقریباً ایک سال سے علیحدہ زندگی گزار رہے ہیں اور صلح کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں،بیوی کسی بھی صورت میں شوہر کے ساتھ سسرال جانے پر راضی نہیں، جب کہ شوہر بھی ازدواجی تعلق برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتا، لڑکی کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار شوہر کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنی ضد پر قائم ہے، جس کے باعث وہ اپنی بیٹی کے خلع کے خواہش مند ہیں۔شرعی استدعا:چوں کہ بیوی ازدواجی زندگی میں ذہنی اذیت اور تکلیف محسوس کر رہی ہے، اور شوہر اصلاح پر آمادہ نہیں، تو ایسی صورت میں:
کیا شریعت کی رو سے بیوی خلع کا مطالبہ کر سکتی ہے؟
اگر شوہر خلع دینے سے انکار کرے تو کیا شرعی طور پر قاضی یا دار القضاء بیوی کے حق میں یک طرفہ خلع (فسخِ نکاح) کا فیصلہ کر سکتا ہے؟
اگر خلع ثابت ہو جائے تو کیا بیوی پر مہر یا کسی اور مالی معاوضے کی واپسی واجب ہوگی یا نہیں؟
الحیلۃ الناجزۃ میں ہے:
’’اور جس جگہ مسلمان حاکم موجود نہ ہو یا مسلمان حاکم کی عدالت میں مقدمہ لے جانے کا قانونا اختیار نہ ہو یا مسلمان حاکم قواعد شرعیہ کے مطابق فیصلہ نہ کرتا ہو تو اس صورت میں فقہ حنفی کے مطابق تو عورت کی علیحدگی کے لیے بغیر خاوند کی طلاق وغیرہ کے کوئی صورت نہیں اور حتی الوسع لازم ہے کہ خلع وغیرہ کی کوشش کرے۔
لیکن اگر خاوند کسی طرح نہ مانے یا بوجہ مجنون یا لاپتہ ہونے کے اس سے خلع وغیرہ ممکن نہ ہو اور عورت کو صبر کی ہمت نہ ہو تو مجبورا مذہب مالکیہ کے مطابق دین دار مسلمانوں کی پنچایت میں معاملہ پیش کرنے کی گنجائش ہے، کیونکہ مالکیہ کے مذہب میں قاضی وغیرہ ہونے کی حالت میں یہ صورت بھی جائز ہے کہ محلہ کے دین دار مسلمانوں کی ایک جماعت جس کا عدد کم از کم تین ہو پنچایت کرے اور واقعہ کی تحقیق کر کے شریعت کے موافق حکم کردے تو بھی قضائے قاضی کے قائم مقام ہوجاتا ہے۔‘‘
(ص: ۵۱، ط: امارت شرعیہ ہند)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144609101735
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن