اگربتی کا دھواں حلق میں جانے سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟
روزے کی حالت میں اگر بتی کا دھواں بغیر ارادہ کے خود بخود حلق میں داخل ہوجائے تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا، البتہ اگربتی جلا کر خود اس کےدھویں کو سونگھا، جس کی وجہ سے دھواں اندر چلا گیا تو اس سے روزہ فاسد ہوجائے گا، صرف قضا لازم ہوگی کفارہ لازم نہیں ہے۔
فتاوی شامی میں ہے:
"ومفاده أنه لو أدخل حلقه الدخان أفطر أي دخان كان ولو عوداً أو عنبراً له ذاكراً لإمكان التحرز عنه، فليتنبه له كما بسطه الشرنبلالي.
(قوله: أنه لو أدخل حلقه الدخان) أي بأي صورة كان الإدخال، حتى لو تبخر ببخور وآواه إلى نفسه واشتمه ذاكراً لصومه أفطر؛ لإمكان التحرز عنه، وهذا مما يغفل عنه كثير من الناس".
(کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، ج:2، ص:395سعید)
فتاویٰ محمودیہ میں ہے:
” سوال: صائم۔رمضان یا غیر رمضان ہے۔بحالتِ روزہ اگربتی یا لوبان کا دھواں سونگھے یا سینٹ تو روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟
الجواب:سینٹ یا کسی بھی عطر سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اگربتی یا لوبان کا دھواں بالقصد حلق کے راستے سے اندر پہنچانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔”
(کتاب الصوم، ج:10، ص:157، ط:دار الافتاء فاروقیہ )
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144609100748
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن