بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

دارالافتاء

 

عصر کی نماز تاخیر سے پڑھنے پرحدیث شریف میں وعید


سوال

نماز ِعصر تاخیر سے پڑھنے  پر حدیث شریف میں کیا وعید آئی ہے، برائے مہربانی حدیث شریف ترجمہ کے ساتھ بیان فرما دیجیے۔

جواب

عصر کی نماز کو مؤخر پڑھنے سے مراد اگر مستحب وقت کے آخر میں پڑھنا ہے، تو اس پراحادیثِ مبارکہ میں کوئی وعید نہیں ہے، اور اگر مؤخر پڑھنے سے مراد نماز کو بغیر عذر شرعی کے مستحب وقت سے مؤخر کرکے آخری وقت یعنی مکروہ وقت میں پڑھنا مراد ہے، تو حدیث شریف میں مکروہ وقت میں نماز پڑھنے والے کو منافق کی نماز کہا گیا ہے، جیسے کہ درجِ ذیل حدیث شریف میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:

"عن العلاء بن عبد الرحمن أنه قال: دخلنا على أنس بن مالك بعد الظهر، فقام يصلي العصر، فلما فرغ من صلاته  ذكرنا تعجيل الصلاة أو ذكرها، فقال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول «تلك صلاة المنافقين، تلك صلاة المنافقين، تلك صلاة المنافقين يجلس أحدهم حتى إذا اصفرت الشمس فكانت بين قرني شيطان، أو على قرني الشيطان قام فنقر أربعا لا يذكر الله فيها إلا قليلا»".

(سنن أبي داود، کتاب الصلوۃ، باب في وقت صلاة العصر، رقم الحدیث:413، ج:1، ص:112، ط:المکتبۃ العصریۃ)

ترجمہ:حضرت علاء بن عبدالرحمن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نماز ظہر پڑھ کر حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے پاس گئے (جب ہم پہنچے تو) وہ عصر کے لیے کھڑے ہو رہے تھے جب آپ نماز سے فارغ ہوچکے تو ہم نے جلدی نماز پڑھنے کا سبب پوچھا یا خود آپ ہی نے اس کا ذکر کیا،  کہا میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ یہ منافقوں کی نماز ہے، یہ منافقوں کی نماز ہے، یہ منافقوں کی نماز ہے،یعنی تم میں سے ہر شخص بیٹھا رہتا ہے یہاں تک کہ سورج زرد ہوجاتا ہے اور وہ یعنی سورج شیطان کے دو سینگوں کے بیچ میں آجاتا ہے یا یہ فرمایا کہ وہ شیطان کے سینگوں پر آجاتا ہے تب وہ کھڑا ہوتا ہے اور چار  ٹھونگیں مار لیتا ہے وہ اپنی نماز میں اللہ کا ذکر بہت ہی کم کرتا ہے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144403100432

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں