بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1446ھ 20 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

بازار ایپ کے ذریعے معین میعاد کے لیے ادھار پر خرید و فروخت کرنا


سوال

میرا جنرل سٹور ہے،  میں ’’بازار‘‘ نام کی ایک ایپ سے خریداری کرتا ہوں،  جو کیش اور ادھار  دونوں پر کام کرتے ہیں،  ان کا ادھار پہ کام کرنے کا طریقۂ کار یہ ہے کہ  وہ 7  دن اور 14 دن کی میعاد پر ادھار دیتے ہیں،  7  دن کی فیس الگ ہے اور 14 دن کی فیس الگ ہے،  اگر آپ  7 یا 14 دن کے میعاد پر   ادھار مال لیتے ہیں،  پھر مقرر مدت تک   پیمنٹ نہیں کر پاتے  تو  کوئی اضافی  چارجز نہیں لیتے،  لیکن آپ کا ادھار بند کر دیتے ہیں،  جب تک  آپ  پیمنٹ نہیں کردیتے   آپ کا ادھار   دوبارہ اوپن نہیں کرتے ،  اب  پوچھنا یہ ہے کہ  اس معاملہ میں  کہیں سود تو  شامل  نہیں ہورہا؟

جواب

واضح رہے کہ جمہور فقہائے کرام  کی رائے کے مطابق کسی بھی چیز  کی خرید و فروخت میں نقد اور ادھار کی قیمتوں میں فرق رکھنا جائز ہے، کیوں کہ ادھار کی صورت میں رقم کی زیادتی وقت کا عوض نہیں ہوتی،  بلکہ وہ اضافی رقم بھی اسی چیز   کا عوض ہوتی ہے،  اس لیے ادھار کی صورت میں نقد رقم سے زائد رقم طے کرنا سود نہیں ہے۔

صورتِ مسئولہ میں اگر مذکورہ بازار ایپ والے کیش اور ادھار دونوں طرح کے معاملات کرتے ہیں، اور اشیاء کی قیمت ادھار کی صورت میں کیش سے زیادہ(یعنی 7 دن کی میعاد پر الگ  اور 14 دن کی میعاد پر الگ قیمت) مقرر کرتے ہیں تو  اس طرح معاملہ کرنا شرعاً درست ہے، البتہ اگر ادھار کی صورت میں فیس کے عنوان سے مدت (یعنی 7 یا  14 دن)کے بدلے اشیاء کی قیمت  کے علاوہ علیحدہ کوئی رقم لیتے ہیں تو  یہ اضافی رقم سود شمار ہوگا اور اس  طرح معاملہ کرنا شرعاًدرست نہیں ۔

البحر الرائق میں ہے:

"أن الأجل في نفسه ليس بمال فلا يقابله شيء حقيقة إذا لم يشترط ‌زيادة ‌الثمن بمقابلته قصدا، ويزاد في الثمن ‌لأجله إذا ذكر الأجل بمقابلة ‌زيادة ‌الثمن قصدا فاعتبر مالا في المرابحة."

(كتاب البيع، شرط المرابحة والتولية، ج:6، ص:125، ط:دار الكتاب الإسلامي)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144604101876

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں