بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو الحجة 1445ھ 01 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

بیٹی کا نام سجل عثمان یا عمل عثمان رکھنا


سوال

میں اپنی بیٹی کا نام سجل عثمان  یا عمل عثمان  رکھ  سکتی ہوں؟

جواب

   "سجل عثمان"  یہ دونوں الگ الگ لفظ  ہیں سجل کے لغت میں بہت سارے معنیٰ آتے ہیںسَجْل ( سین پر زبر   اور جیم کے سکون  کے  ساتھ   )  اس    کا معنی ہے: بڑا ڈول،  بھرا ہوا ڈول،  یا  جس میں پانی  ہو ، بڑا تھن ،عطیہ ، سخی آدمی ، کسی چیز کا کوئی حصہ۔ اس میں اچھے معانی مثلًا عطیہ اور سخاوت کے  اعتبار سے نام رکھنا درست ہوگا ،لیکن کچھ معانی  نام رکھنے کے لیے مناسب نہیں ہیں؛ اس لیے یہ نام نہ رکھنا زیادہ بہتر  ہے ۔

سَجَّل ( سین پر زبر  اور جیم کی تشدید  کے ساتھ  ) اس کے معنیٰ ہیں درج کرنا رجسٹر میں لکھنا ، بیان یا گواہی کو قلم بند کرنا ۔ یہ فعلِ ماضی کا صیغہ ہے، اور نام عمومًا اسم ہوتاہے، اس لیے اس تلفظ  (سَجَّل)کے ساتھ  یہ نام مناسب نہیں ہے۔

سِجِلّ  ( سین  اور جیم کے نیچے زیر اور لام کی تشدید  کے ساتھ  )  اس کے معنیٰ ہیں:   رجسٹر،   کاغذات کا مجموعہ ( کتاب یا کاپی ) جس میں کوئی بات  برائے حفاظت لکھی جائے ، کتاب،  لکھی ہوئی چیز ، ریکارڈر ( قدیم دستاویزات ) ، عدالتی  فیصلے  درج کرنے کی کتاب یا رجسٹر ، معاہدات و معاملات درج کرنے کا سرکاری رجسٹر  ۔  اس تلفظ  (سِجِلّ)کے ساتھ نام رکھنا جائز تو ہوگا، لیکن  نام رکھنے کے لیے اس کے معانی موزوں نہیں ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ کسی صحابیہ رضی اللہ عنہا یا نیک خاتون کے نام پر نام رکھا جائے۔

اور  عثمان صحابی رسول خلیفہ سوم حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا نام ہے۔

اسی طرح "عمل عثمان"  یہ بھی دو الگ الگ لفظ ہیں،  "عمل"  کا معنی ہے کام اور  "عثمان"  صحابی رسول خلیفہ سوم حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا نام ہے  ،یہ نام رکھا جاسکتا ہے لیکن  ازواج مطہرات و صحابیات رضی اللہ عنہن کے ناموں میں سے کوئی نام رکھنا زیادہ بہتر ہے  ، نیز اچھے ناموں کی فہرست ہماری ویب سا ئٹ پر حروف تہجی کے اعتبار سے موجود ہے اس سے استفادہ کیاجاسکتا ہے ۔فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144212202144

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں