مزدلفہ میں احرام کی حالت میں خوشبودار ہینڈ واش سے ہاتھ دھونے سے جو صدقہ لازم آتا ہے تو محترم مفتی صاحب صدقہ فطر کی مقدار پاکستان میں کتنی بن رہی ہے اور یہ صدقہ فطر یہاں پاکستان میں دے سکتے ہیں یا ضرور بضرور حرم شریف میں دیں گے؟
واضح رہے کہ صدقہ فطر میں چار اجناس (گندم،جو،کھجور،کشمش)میں سے کسی ایک جنس کا دینا یا اس کی بازاری قیمت کادینا ضروری ہے، تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
1:گندم نصف صاع یعنی پونے دو کلو تاہم احتیاطًا دو کلو یا اس کی بازاری قیمت دینی چاہیے۔
2: جو ایک صاع یعنی تقریبًا ساڑھے تین کلو یا اس کی بازاری قیمت ہے۔
3:کھجور ایک صاع یعنی تقریبًا ساڑھے تین کلو یا اس کی بازاری قیمت ہے۔
4:کشمش ایک صاع یعنی تقریبًا ساڑھے تین کلو یا اس کی بازاری قیمت ہے۔
لہذا صورت ِ مسئولہ میں احرام کی حالت میں ہینڈ واش سے ہاتھ دھونے کی صورت میں جو صدقہ دینا لازم ہے ،وہ پاکستان میں بھی مذکورہ تفصیل کے مطابق دے سکتے ہیں ،البتہ حرم کے فقراء کو دینا افضل ہے ۔
البحرا لرائق میں ہے :
"وأطلق في التصدق والصوم فأفاد أن له التصدق في غير الحرم، وفيه على غير أهله. قال: في المحيط والتصدق على فقراء مكة أفضل، وإنما لم يتقيد بالحرم لإطلاق النص بخلاف الذبح".
(کتاب الحج ،باب الجنایات فی الحج ،ج:3،ص:15،دارالکتاب الاسلامی)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144510101541
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن