فری فائر گیم کھیلنا جائز ہے یا ناجائز؟ راہ نمائی فرمائیں!
واضح رہے کہ کسی بھی کسی قسم کا کھیل جائز ہونے کے لیے مندرجہ ذیل شرائط کا پایا جانا ضروری ہے:
1۔۔ وہ کھیل بذاتِ خود جائز ہو، اس میں کوئی ناجائز بات نہ ہو۔
2۔۔ اس کھیل میں کوئی دینی یا دنیوی منفعت ہو، مثلًا: جسمانی ورزش وغیرہ، محض لہو لعب یا وقت گزاری کے لیے نہ کھیلا جائے۔
3۔۔ کھیل میں غیر شرعی امور کا ارتکاب نہ کیا جاتا ہو۔
4۔۔ کھیل میں اتنا غلو نہ کیا جائے کہ جس سے شرعی فرائض میں کوتاہی یا غفلت پیدا ہو۔
حاصل یہ ہے کہ اگر آن لائن گیم میں مذکورہ خرابیاں پائی جائیں، یعنی اس میں مشغول ہو کر شرعی فرائض اور واجبات میں کوتاہی اور غفلت برتی جاتی ہو، یا اس میں غیر شرعی امور کا ارتکاب کیا جاتا ہو، مثلاً جان دار کی تصاویر، موسیقی اور جوا وغیرہ ہوں یا اسے محض لہو لعب کے لیے کھیلا جاتا ہو تو اس طرح کی گیم کا کھیلنا جائز نہیں ہوگا۔
معلومات کے مطابق سوال میں مذکورہ گیم میں کارٹون کی شکل میں جان دار تصاویر بھی موجود ہیں، اور اس میں دینی یا دنیوی کوئی فائدہ بھی نہیں ہے، لہذا یہ گیم کھیلنا جائز نہیں ہو گا۔
تفسیر روح المعانی میں ہے:
"ولهو الحديث على ما روي عن الحسن كل ما شغلك عن عبادة الله تعالى وذكره من السمر والأضاحيك والخرافات والغناء ونحوها."
(ج: 11، صفحه: 66)، سورۃ لقمان، ط: دار الکتب العلمیة)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144205200644
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن