بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1446ھ 20 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

گھر سے جائے ملازمت 50 کلو میٹر ہو تو کیا نماز قصر ہوگی؟


سوال

 میں ایک پائلٹ ہوں. میرا گھر ایئرپورٹ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ہے. ہمیں اکثر وہاں نماز ادا کرنا ہوتی ہے. ہم میں سے کچھ لوگ وہاں نمازِقصر ادا کرتے ہیں، مگر اکثریت ایک ہی شہر کی حدود ہونے کی وجہ سے مکمل ادا کرتے ہیں. آپ سے اس مسئلہ  میں رہنمائی درکار ہے.

جواب

واضح رہے کہ ایک ہی شہر میں  کوئی شخص  کتنی ہی مسافت  طے کرلے اس پر مسافرتِ شرعی کا اطلاق نہیں ہوتا، سفر شرعی  کا اطلاق ایسے سفر پر ہوتا ہے جس میں کوئی شخص کسی ایسے شہر/ گاؤں جانے کا قصد کرے کہ   اس کے شہر / گاؤں  اور دوسرے شہر/ گاؤں کے درمیانی مسافت کم از کم اڑتالیس میل ( سوا ستترکلو میٹر ) ہو، نیز ایسے سفر میں بھی قصر کا حکم اس وقت ہوگا جب اپنے شہر/ گاؤں کی آبادی سے باہر نکل جائے، لہذا صورتِ مسئولہ میں جس شہر میں مذکورہ ائیر پورٹ واقع ہے، اس شہر کے رہائشی پائلٹس  ائیر پورٹ میں مکمل نماز ادا کریں گے، ان کے لیے قصر ادا کرنا جائز نہ ہوگا، اور قصر ادا کرنے سے وقتی فرض ادا نہ ہوگا، چاہے ان کی رہائش اور ائیر پورٹ کے درمیان مسافت سوا ستتر کلومیٹر یا اس سے زائد ہی کیوں نہ ہو۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144201200665

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں