بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1446ھ 19 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

قربانی کا گوشت ہوٹل وغیرہ سے پکوانے کا حکم


سوال

عید الاضحی کے موقع پر اپنا گوشت باہر بوٹیاں بنوانے یا قیمہ کی سیخ وغیرہ بنوانے کے لئے دیا جاتا ہے، جس میں باقی عوام کا گوشت بھی ملا دیا جاتا ہے، جس میں ہر طرح کے مال سے خریدے ہوئے جانور کا گوشت ہوتا ہے۔ اس طرح حلال اور حرام مال والا گوشت ملا دیا جاتا ہے۔ کیا ہم اس صورت میں اپنا گوشت دعوت وغیرہ کے لئے بنوانے کے لئے باہر دے سکتے ہیں؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں بوٹیاں/ سیخ بنوانے کے لیے گوشت سپرد کرنے سے پہلے اس بات کی تحقیق کرلی جائے کہ کاریگر مسلم وغیر مسلم سب کا گوشت یک جا کرکے تو نہیں بناتا، اگروہ یک جا کرکے بناتا ہو تو گوشت ایسے شخص کو سپرد نہ کیا جائے، اور اگر وہ مسلمانوں کے گوشت سے الگ بوٹیاں/ سیخ بناتا ہو اور غیر مسلموں سے الگ بناتا ہوتو ایسی صورت میں وزن کرکے گوشت دینا اور وزن کرکے واپس لینا جائز ہوگا، اپنے دیے گیے گوشت سے زائد وصول کرنا  درست نہیں ہوگا، نیز محض وہم کی وجہ سے بوٹیوں/ سیخوں پر حرمت کا حکم نہیں لگے گا۔

فتاوی شامی میں ہے:

لو اختلط بحيث لا يتميز يملكه ملكا خبيثا، لكن لا يحل له التصرف فيه ما لم يؤد بدله."

(کتاب البیوع،باب البیع الفاسد، مطلب فيمن ورث مالا حراما،ج: 5، ص: 99،ط:سعید)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

’’سوال: اگر کسی شے حلال میں کوئی شے حرام با اعتبارِ امرِ خارجی آپس میں بالکل مخلوط ہوجائے تو اتنی مقدار کے نکالنے کے بعد ما بقی کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اگر حلال ہے تو با کراہت یا بلا کراہت؟ مثلاً دو گلاس شربت میں ایک گلاس شربت چوری یا غصب کا مل گیا تو ایک ایک گلاس شربت نکال دینے کے بعد باقی دو گلاس شربت کے بارے میں کیا حکم ہے؟

جواب: حق غیر اگر اپنے حق کے ساتھ مخلوط ہوجائے تو بقدر حق غیر اس سے الگ کرکے مالک کو دے دیا جائے، پھر باقی حلال ہے۔‘‘

( باب التداوی والمعالجہ،الفصل الرابع المتفرقات، باب المال الحرام و مصرفہ،ج: 18،ص: 440، ط: فاروقیہ) 

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144512101201

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں