"جو اپنے آپ پر منافقت کا شک نہ کرتا وہی منافق ہے"۔ کیا یہ حدیث ہے؟ یا اس سے ملتے جلتے الفاظ کسی حدیث میں موجود ہیں؟ اس حوالے سے رہنمائی فرمائیں۔
سوال میں بیان کردہ فرمان، معمولی الفاظ کی تبدیلی کے ساتھ، حضرت حسن بصری رحمہ اللہ سے مروی ہے۔اس قول کو امام فریابی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب "صفة المنافق" میں صحیح سند کے ساتھ نقل کیا ہے۔
" حدثنا قتيبة حدثنا جعفر بن سليمان عن المعلى بن زياد قال: كان(الحسن) يقول: من لم يخف النفاق فهو منافق"
"معلی ابن زیاد روایت کرتے ہیں کہ حضرت حسن بصری رحمہ اللہ فرماتے تھے کہ جو شخص نفاق(منافق ہونے)سے نہیں ڈرتا، وہی منافق ہے"
(صفة المنافق، ص: 73، ط: دار الخلفاء الإسلامي الكويت)
سندمیں موجود راوی، "جعفر بن سلیمان" کو بعض ائمہ حدیث نے اہل تشیع ہونے کی بناء پر مجروح قرار دیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان سے روایتیں لی گئی ہیں اور انہیں ثقہ سمجھا گیا ہے۔حافظ ذہبی رحمہ اللہ اس حوالے سے رقم طراز ہیں:
"عن ثابت وخلق، شيعي صدوق، ضعفه القطان. ووثقه ابن معين وغيره. وقال ابن سعد: ثقة، فيه ضعف."
(ذكر أسماء من تكلم فيه وهو موثق، ص: 60، ط: مكتبة المنار الزرقاء)
مذکورہ قول ذخیرہ احادیث میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے کہیں نہیں ملتا، لہذا بغیر کسی معتبر سند کے بغیراسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کرنا درست نہیں ہے، البتہ اسے حضرت حسن بصری رحمہ اللہ کے قول کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔
فقظ واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144601101528
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن