بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 ذو الحجة 1445ھ 04 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

حفاظت کی نیت سے کسی کے زیورات اٹھانا


سوال

میری ایک  دوست  تھی ، جس کو شوہر نے طلاق دے دی تھی ،وہ اکیلی رہ رہی تھی، میں ان کے پاس جاکر ان کی خدمت وغیرہ کرتی تھی، پھر وہ بیمار ہوگئی تو اس کےبھائی کی بیوی نے اس کے گھر میں تین چار نوکر رکھ لیے، میں ایک دن گئی تو اس کے زیورات پڑے ہوئے تھے، مجھے خطرہ لاحق ہوا کہ کہیں گم نہ ہوجائے ،میں نے اس کے ایک بھائی سے رابطہ کیا  جو امریکہ میں رہتے تھے  ، اس نے کہا کہ آپ اٹھالیں ، چنانچہ میں نے وہ زیورات اٹھالیے ، لیکن پھر ہمارے درمیان تعلقات خراب ہوئے اور میں نے ان کے گھر جانابند کردیا ،اب کافی عرصہ سے میں ان کے گھر نہیں گئی ،مجھے معلوم نہیں کہ وہ زندہ ہے یا نہیں ؟اس کے زیورات میرے پاس ہیں اوراب  اس کا بھائی کہہ رہا ہے کہ میں نے آپ کو زیورات اٹھانے کا نہیں کہا تھا ۔

اب پوچھنا یہ ہے کہ مذکورہ زیورات کا میں کیا کروں ؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں سائلہ پر لازم ہےکہ ہر ممکن وسیلہ اختیار کرتے ہوئے اپنی دوست کا پتہ معلوم کرکے زیورات ان کے حوالے کرے ، اگر ان کی دوست انتقال کرچکی ہو تو سائلہ  مذکورہ زیورات  ان کے ورثاءکے حوالے کرے، سائلہ کےلیے جائز نہیں  کہ وہ ان زیورات کو استعمال کرے یا اپنے پاس رکھے۔

قرآن مجید میں ہے:

اِنَّ اللّٰهَ يَاْمُرُكُمْ اَنْ تُؤَدُّوا الْاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَھْلِھَا   

(النساء :58)

ترجمہ :بے شک تم کو اللہ تعالیٰ اس بات کا حکم دیتے ہیں کہ اہلِ حقوق کو ان کے حقوق پہنچادیا کرو

(بیان القرآن، سورة النساء :58  ، ج:1 ،ص:437 ، ط:مكتبة البشرى)

مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے:

"وأما إذا أخذه على أن يرده لصاحبه فإن كان صاحبه معلوما فهو في يده أمانة محضة و يجب عليه تسليمه إلى صاحبه۔"

 (الكتاب السادس: في الأمانات، ص: 145 ،ط: نور محمد،كتب خانه، آرام باغ، كراتشي)

وفیہ ایضا:

"(المادة 802) إذا توفي المودِع تدفع الوديعة إلى وارثه."

(الكتاب السادس: في الأمانات، ص: 154 ،ط: نور محمد،كتب خانه، آرام باغ، كراتشي)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144305100039

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں