جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنے کے لیے کون سا عمل یاوظیفہ کریں؟
خواب میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت نصیب ہوجانا واقعی بڑی نعمت ہے، آپ ﷺ نے بعد میں آنے والے امتیوں کی یہ فضیلت بیان فرمائی ہے کہ وہ آپ ﷺ کی زیارت کے ایسے مشتاق ہوں گے کہ اگر گھر بار اور مال سب قربان کرنا پڑے تو وہ قربان کرکے زیارت کریں۔
درود شریف کی کثرت ،سُنّت کی کامل اتباع اور غلبۂ محبت سے یہ نصیب ہوجاتی ہے ؛ اس لیے آپ ﷺ کی سنتوں کے اتباع کے ساتھ کثرت سے درود شریف پڑھتے رہیے، ان شاء اللہ یہ آپ کی اس نیک تمنا کے پورا ہونے میں مفید و معاون ثابت ہو گا۔ لیکن یہ کوئی لازمی امر نہیں ؛ اس لیے اگر کسی کو نصیب نہ ہو تو مغموم نہیں ہونا چاہیے۔
ہمارے اکابر علماء میں بعض کا ذوق یہ رہا ہے کہ وہ تواضع وانکساری کی وجہ سے خود کو زیارت کا مستحق نہیں سمجھتے تھے، اس لیے جب مرقدِ اطہر پر حاضر ہوتے تو دورسے ڈرتے ڈرتے سلام پیش کرتے تھے۔ جب کہ ہمارے بعض اکابر علماء نے خواب میں زیارتِ رسول اللہ ﷺ کے لیے درود شریف بھی بتائے ہیں، اس لیے ایک صحیح مسلمان ہونے کی حیثیت سے رسول اللہ ﷺ کی زیارت کی چاہت ہر مسلمان کی ہونی چاہیے، لیکن اپنے گناہوں اور خطاؤں کو سامنے رکھ کر ادب بھی ملحوظ ہونا چاہیے۔اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خواب میں زیارت کے لیے سب سے مجرب وظیفہ آپ کی سنتوں کی مکمل اتباع اور درود شریف کی کثرت ہے ۔
فقط وللہ اعلم
فتوی نمبر : 144610101286
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن