کیا ہم جمعہ میں صرف 8 رکعت پڑھیں گے؟
جمعہ کی نماز میں کل بارہ رکعتیں ہیں۔ چار سنتِ مؤکدہ فرض سے پہلے، دو رکعت فرض باجماعت، چار رکعت سنتِ مؤکدہ فرض کے بعد اور اس کے بعد مزید دو رکعت (راجح قول کے مطابق) سنت غیر مؤکدہ۔ (4+2+4+2 = 12 )۔
باقی احادیث میں جمعہ کے بعد نفل کی کوئی متعینہ مقدار مذکور نہیں ہے، اس لیے جمعہ کے ساتھ نفل کا نہ کوئی اختصاص ہے اور نہ نفل کی کوئی تحدید ہے، آدمی کی مرضی ہے جتنی چاہے پڑھے۔
''امداد الفتاویٰ'' میں ہے:
(سوال ) جمعہ کی پہلی سنتیں مؤکدہ ہیں یا نہیں؟ اور بعد کی سنتوں میں چار مؤکدہ ہیں یا دو یا سب؟
(الجواب) جمعہ کی پہلی سنتیں مؤکدہ ہیں، کذا في الدر المختاراور بعد کی چار مؤکدہ ہیں، کذا في الدر المختار۔
(امداد الفتاویٰ ج۱ص۶۷۸،ص۶۷۹مطبوعہ دیو بند)
(فتاویٰ رحیمیہ ، باب الجمعہ و العیدین،ج:۶ ؍۱۱۱ ،ط:دار الاشاعت)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144201200343
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن