بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو الحجة 1445ھ 01 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

شوہر کے کاروبار میں نقصان ہونے کی وجہ سے بیوی کا اپنا نام تبدیل کرنا


سوال

میری بڑی بہن کا نام میمونہ فردوس ہے جب کہ ان کے شوہر کا نام محمد حسین ملک ہے، وہ جو بھی کام کریں اس میں بہت نقصان ہوتا ہے، کسی نے ان سے کہا کہ آپ اپنا نام میمونہ سے بدل کر کچھ اور رکھیں، پھر آپ کے شوہر کے کام میں برکت ہوگی، جب کہ میرا ماننا ہے کہ میمونہ تو بہت بابرکت نام ہے اور ام المومنین کا نام بھی ہے!

جواب

"میمونہ"  نام کا معنی ہی ’’مبارک‘‘ ہے، نیز یہ ام المومنین  اور کئی صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین کا نام ہے، اس لیے بھی مبارک ہے؛ لہذا سوال میں مذکورہ خیال کے پیشِ نظر یہ نام تبدیل نہ کیا جائے، اس تناظر کے بغیر اگر تبدیل کیا جائے تو گنجائش ہے۔

نیز کاروبار وغیرہ میں نقصان کا تعلق کسی  نام سے نہیں ہوتا  اور نہ ہی اس قسم کا عقیدہ رکھنا چاہیے، بلکہ  رزق کی تنگی و فراخی اللہ رب العزت کی طرف سے ہوتی ہے،  کاروبار میں جو تنگی  اور نقصان ہوتا ہے اس میں بھی اللہ کی کوئی مصلحت ہوسکتی ہے؛ لہٰذا آپ کی بہن کے شوہر کو چاہیے کہ وہ دل برداشتہ ہونے ہونے کے بجائے اللہ پر مکمل بھروسہ رکھتے ہوئے ثابت قدمی کے ساتھ حلال کمائے اور اس پر  شکر ادا کرتا رہے، اس لیے کہ شکر کے نتیجہ میں اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اس نعمت میں  اضافہ کردیتا ہے، ارشاد ہے، "لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزِيْدَنَّـكُمْ " اور تقوی اختیار کرتا رہیں، کیوں کہ متقی کے لیے اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اسے ایسی جگہ سے رزق عطا کرتا ہے کہ جہاں اس کا وہم و گمان تک نہیں ہوتا ہے، ارشاد ہے:  "وَمَنْ يَّـتَّـقِ اللهَ يَجْعَلْ لَّه مَخْرَجاً وَّ يَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَايَحْتَسِبْ" اور  اپنی آمدن میں سے حسبِ استطاعت صدقہ کرتے رہیں اور ہر نماز کےسات مرتبہ  بعد درج ذیل دعا کا اہتمام جاری رکھیں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِني بِحَلالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنيْ بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ". اور صبح صادق ہونے سے لے کر اشراق کا وقت ہونے تک سونے سے اجتناب کرنا چاہیے، اس وقت کے دوران فجر کی نماز اور دیگر اذکار و تلاوت کرکے برکت کی دعا کی جائے، یا بامقصد کام کیے جائیں یا نماز فجر کے بعد سے ہی تجارتی امور انجام دینے شروع کردیے جائیں، ان شاء اللہ ضرور برکت ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112200685

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں