کھانے میں نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کیا کھایا کرتے تھے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طرزِ زندگی سادگی، اعتدال اور فطرت کے مطابق تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی خاص کھانے کی پابندی نہیں فرامائی، پس جو میسر آتا تناول فرمالیتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھانے میں جو کی روٹی ،گوشت،مرغی کا گوشت، کدو ،کھجور، زیتون،سرکہ، دودھ، میٹھا ،شہد وغیرہ تناول فرمایا ہے،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عادت شریفہ کھانے میں عیب نہ نکالنے کی تھی،چاہت ہوتی تو تناول فرمالیتے،چاہت نہ ہوتی تو بغیر عیب نکالے منع فرما دیتے۔
اس حوالے سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی کتابوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی عادات وصفات کی تفصیلات موجود ہیں، ان کتب کا مطالعہ مفید رہے گا۔
الشمائل المحمديه للترمذي ميں ہے:
"عن عائشة، أنّ رسول اللّه صلى الله عليه وسلم قال: نعْم الْإِدام الخلّ."
ترجمہ:”حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہےکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سرکہ ایک عمدہ سالن ہے۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:131، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
وفيه أيضا:
"عن زهدم الجرمي قال: كنا عند أبي موسى الأشعري، فأتي بلحم دجاج فتنحى رجل من القوم فقال: ما لك؟ فقال: إني رأيتها تأكل شيئا فحلفت أن لا آكلها قال: ادن فإني رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم يأكل لحم دجاج."
ترجمه:”زھدم الجرمی سے مروی ہےوہ فرماتے ہیں کہ ہم سیدنا ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہ کے پاس تھے تو مرغی کا گوشت لایا گیا تو ایک آدمی کھانے والوں میں سے الگ ہو گیا ، ( ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ نے ) کہا : تجھے کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں نے اس کو ایک بد بودار چیز کھاتے ہوئے دیکھا تو میں نے قسم کھائی کہ اسے کبھی نہ کھاؤں گا تو (سیدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے ) کہا : قریب ہو جاؤ ، میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کا گوشت کھاتےہوئے دیکھا ہے۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:132، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
وفيه أيضا:
"عن أبي أسيد قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: كلوا الزيت وادهنوا به؛ فإنه من شجرة مباركة."
ترجمہ:” حضرت ابو اسید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے،وہ فرماتے ہیں:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تم زیتون کھاؤ اور اس کا تیل استعمال کرو ،کیوں کہ یہ بابرکت درخت (کا پھل)ہے۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:134، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
وفيه أيضا:
"عن أنس بن مالك قال: كان النبي صلى الله عليه وسلم يعجبه الدباء فأتي بطعام، أو دعي له فجعلت أتتبعه فأضعه بين يديه لما أعلم أنه يحبه."
ترجمہ:”حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کدّو بہت پسند تھے،آپ کی خدمت میں ایک کھانا لایا گیا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانے کی دعوت دی گئی تو میں اس میں سے کدوّ تلاش کرکے آپ کے سامنے رکھتا،کیوں کہ میں بخوبی جانتا تھا کہ آپ اسے پسند فرماتے ہیں۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:136، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
وفيه أيضا:
"عن عائشة قالت: كان النبي صلى الله عليه وسلم يحب الحلواء والعسل."
ترجمہ:”حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے،وہ فرماتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو میٹھا اور شہد بہت پسند تھا۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:137، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
وفيه أيضا:
"عن جابر بن عبد الله قال: أتانا النبي صلى الله عليه وسلم في منزلنا فذبحنا له شاة، فقال: كأنهم علموا أنا نحب اللحم."
ترجمہ:”سیدنا جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں،نبی اکرم صلی اللہ ہمارے گھر ہمارے پاس تشریف لائے تو ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ایک بکری ذبح کی تو آپ فرمانے لگے،انہوں نے ایسے کیا گویا انہیں معلوم تھا کہ ہم گوشت کو پسند کرتے ہیں۔“
(باب ما جاء في صفة إدام رسول الله صلى الله عليه وسلم، ص:148، ط:المكتبة التجارية، مصطفى أحمد الباز- مكة المكرمة)
فقط والله أعلم
فتوی نمبر : 144606101586
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن