بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا والدین کے ساتھ رہنے والی اولاد پر قربانی واجب ہے؟


سوال

کیا کمانے والے بچے جو والدین کے ساتھ رہتے ہیں ،ان پر قربانی  واجب ہے؟

جواب

واضح رہےکہ قربانی ہر اس عاقل بالغ مقیم مسلمان مرد اور عورت پر واجب ہے جو نصاب کا مالک ہو ، یعنی اگر اس کے پاس  صرف سونا ہو تو ساڑھے سات تولہ کے مالک ہونے سے وہ صاحبِ نصاب بن جائے گا، اگر   اس کے پاس چاندی ہے تو  ساڑھے باون تولہ چاندی کا مالک ہونے سے وہ صاحبِ نصاب بن جائے گا،  کیش اور مالِ تجارت کا نصاب بھی آج کل چاندی کے حساب سے ہی لگایا جائے گا،  یعنی اس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی  قیمت کے برابر ہو تو صاحبِ نصاب شمار ہوگا، اور  اگر ان میں سے دو یا زائد جنسوں کا مالک ہو  تو بھی  ساڑھے باون تولہ چاندی  کی مالیت کا اعتبار ہوگا، یا  اس کی ملکیت میں ضرورت سے زائد اتنا سامان ہو  جس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر ہو ،  ایسے شخص پر قربانی واجب ہو گی۔  

لہذا صورتِ  مسئولہ میں اگر اولاد عاقل بالغ اورمقیم ہوں اوروہ خود بھی صاحبِ  نصاب ہوں  تو ان پر الگ سے اپنی  قربانی واجب ہے ،اگر چہ وہ والدین کے ساتھ رہتے ہیں۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وهي واجبة على الحر المسلم المالك لمقدار النصاب فاضلا عن حوائجه الأصلية كذا في الاختيار شرح المختار، ولا يعتبر فيه وصف النماء ويتعلق بهذا النصاب وجوب الأضحية، ووجوب نفقة الأقارب هكذا في فتاوى قاضي خان."

(كتاب الزكوة،الباب الثامن في صدقة الفطر،191/1،ط:دار الفكر بيروت)

فتاوی شامی میں ہے:

' وشرائطها: الإسلام والإقامة واليسار الذي يتعلق به) وجوب (صدقة الفطر)...(قوله: واليسار إلخ) بأن ملك مائتي درهم أو عرضاً يساويها غير مسكنه وثياب اللبس أو متاع يحتاجه إلى أن يذبح الأضحية، ولو له عقار يستغله فقيل: تلزم لو قيمته نصاباً، وقيل: لو يدخل منه قوت سنة تلزم، وقيل: قوت شهر، فمتى فضل نصاب تلزمه. ولو العقار وقفاً، فإن وجب له في أيامها نصاب تلزم'.

(كتاب الأضحية، 312/6،ط:دار الفكر بيروت)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144512100195

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں