ہمارے گھر میں ہم نے گٹر پانچ فٹ کھودائی کرکے بنایا ہے، گٹر کا زمین والا حصہ پکا نہیں کیا گیا، اور جو پانی کا بور ہےوہ”6“فٹ دور ہے، ہمارے گاؤں میں زمین میں پانی کا لیول 25فٹ پر ہے، تو کیا گٹر کاسم بور کے پانی میں شامل ہوسکتا ہے ؟
صورتِ مسئولہ میں بظاہرآپ نے گٹر کے لیے کی گئی کھودائی اور بور کے پانی کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھا ہے ، جس کی وجہ سے دونوں مقامات علیحدہ علیحدہ ہیں ، گٹر کے پانی کا رس کر صاف پانی میں ملنا مشکل ہے ، تاہم جب تک گٹر کے پانی کا اثر (رنگ،بو،ذائقہ) کنوئیں کے پانی میں نہ آئے اس وقت تک کنوئیں کے پانی پر نجس ہونے کا حکم نہیں لگایا جائے گا۔
فتاوی عالمگیری میں ہے:
"بئر الماء إذا كانت بقرب البئر النجسة فهي طاهرة ما لم يتغير طعمه أو لونه أو ريحه. كذا في الظهيرية ولا يقدر هذا بالذرعان حتى إذا كان بينهما عشرة أذرع وكان يوجد في البئر أثر البالوعة فماء البئر نجس وإن كان بينهما ذراع واحد ولا يوجد أثر البالوعة فماء البئر طاهر. كذا في المحيط وهو الصحيح. هكذا في محيط السرخسي."
(کتاب الطهارۃ ، الباب الثالث في المیاہ، الفصل الأول فيما يجوز به التوضؤ، ج:1، ص:20 ، ط : رشيدية)
فقط والله أعلم
فتوی نمبر : 144604102518
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن