اپنی بیوی سے کئی کئی مہینوں تک صحبت قائم نہ کرنا کیسا ہے ؟اس کی وجہ بیوی کا ہر وقت بدتمیزی کرنا اور چڑچڑا پن کا اظہار کرناہے ۔
صورتِ مسئولہ میں حسنِ معاشرت کی بناء پر مسنون یہ ہے کہ میاں بیوی ایک ساتھ رہیں اور ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری کریں، بلاوجہ کسی ناراضگی کی بناء پر دونوں کا ایک دوسرے سے دور رہنا مناسب نہیں ،البتہ بیوی کی بداخلاقی اور بدتمیزی کی وجہ سے سائل کو یہ حق حاصل ہے کہ اپنابستر اس سے الگ کرلے یہاں تک کہ وہ اس علیحدگی کی وجہ سے اس کی ناراضی کا احساس کر کے اپنے فعل پر نادم ہوجائےاورسائل کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئے اور جب تک وہ اپنے رویے میں تبدیلی نہ لائے سائل اسے اپنے بستر سے علیحدہ رکھ سکتا ہے ۔
احکام القرآن للجصاص میں ہے :
" {فعظوهن واهجروهن في المضاجع} قال: إذا خاف نشوزها وعظها، فإن قبلت وإلا هجرها في المضجع، فإن قبلت وإلا ضربها ضربا غير مبرح."
(مطلب البيان من الله تعالي علي وجهين ،ج: 2 ، ص: 238، ط: دار الكتب العلمية)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144407101805
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن