نماز تسبیح کا طریقہ بتادیں۔
صلوٰۃالتسبیح چاررکعت نمازہوتی ہے۔یہ نمازرسول اللہﷺ نےاپنےچچاحضرت عباس رضی اللہ عنہ کوبطورتحفہ وعطیہ کےسکھائی تھی،اس کی فضیلت یہ ارشادفرمائی ہے کہ اسکے پڑھنے سے سارے گناہ (چھوٹے بڑے) معاف ہوجاتےہیں۔اس نماز کے پڑھنےکےدوطریقےہیں:
ایک طریقہ یہ ہے :
چاررکعات صلوٰۃ التسبیح کی نیت باندھ کرپہلی رکعت میں کھڑےہوکرثناء،تعوذ،تسمیہ،سورۂ فاتحہ اورکوئی سورت پڑھنےکےبعد رکوع میں جانے سے پہلے پندرہ مرتبہ یہ تسبیح پڑھیں"سُبْحَانَ اللّٰهِ وَالْحَمدُلِلّٰهِ وَلَاإلٰهَ إلَّاإللّٰهُ وَاللّٰهُ أکْبَرُ"پھررکوع میں " سُبحَان َرَبِّي َالعَظِیْم"کےبعددس مرتبہ مذکورہ تسبیح پڑھیں،پھرقومہ میں " سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَه"،"رَبَّنَالَكَ الْحَمدُ" کےبعددس مرتبہ تسبیح پڑھیں،پھرپہلےسجدہ میں "سُبْحَانَ رَبِّيَ الاَعلٰی "کےبعددس مرتبہ پڑھیں،پھرپہلےسجدہ سےاٹھ کرجلسہ میں دس مرتبہ، پھردوسرےسجدہ میں " سُبْحَان َرَبِّيَ الاَعْلٰی"کےبعددس مرتبہ تسبیح پڑھیں، پھر دوسرے سجدے سے اٹھتے ہوئے " اَللهُ أَکْبَرْ" کہہ کربیٹھ جائیں اوردس مرتبہ تسبیح پڑھیں۔پھربغیر " اَللهُ أَکْبَرْ" کہے دوسری رکعت کےلیےکھڑےہوجائیں، پھراسی طرح دوسری، تیسری اورچوتھی رکعت مکمل کریں۔
دوسری اورچوتھی رکعت کےقعدہ میں پہلےدس مرتبہ تسبیح پڑھیں اورپھرالتحیات پڑھیں۔اسی ترتیب سےچاروں رکعات میں تسبیح پڑھیں،اس طرح چاررکعات میں کل تسبیحات تین سومرتبہ ہوجائیں گی۔
دوسراطریقہ یہ ہے:
پہلی رکعت میں کھڑےہوکرثناءکےبعدپندرہ مرتبہ تسبیح پڑھیں،پھرتعوذ،تسمیہ،سورۂ فاتحہ اورکوئی سورت پڑھ کررکوع میں جانےسےپہلےدس مرتبہ یہ تسبیح پڑھیں،رکوع،قومہ،پہلےسجدہ،جلسہ اوردوسرےسجدےمیں دس دس مرتبہ تسبیح پڑھیں،اس کےبعد"اللهُ أَکبَر"کہتےہوئےسیدھےکھڑےہوجائیں۔
اسی ترتیب سےدوسری،تیسری اورچوتھی رکعت میں تسبیح پڑھیں۔دوسری رکعت میں کھڑےہوتےہی پندرہ مرتبہ تسبیح پڑھیں گے۔(سنن الترمذی،ابواب الوتر،باب ماجاءفی صلاۃالتسبیح،1/117،قدیمی)اسی ترتیب سےباقی رکعات اداکریں۔
یہ دونوں طریقےصحیح اورقابلِ عمل ہیں،جوطریقہ آسان معلوم ہواس کواختیارکیاجائے۔اس نماز کا کوئی خاص وقت نہیں، اسےمکروہ اوقات کے علاوہ جب بھی ہوسکے پڑھ سکتے ہیں ۔ نیز یہ نماز انفرادی طور پر ادا کی جاتی ہے، باقاعدہ اس کی جماعت درست نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم
مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجیے:
صلاۃ التسبیح کا تعارف، اہمیت،فضائل اور طریقہ
فتوی نمبر : 144108200822
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن