حضرت میری بیٹی کو میری بیوی کو اور مجھے نظر بد لگی ہے، میری بیٹی کو الٹیاں اور بخار ہو گیا ہے ،دوائی کروا رہے ہیں، دم وغیرہ بھی کروا رہے ہیں، لیکن افاقہ نہیں ہو رہا ہے، مجھے بھی تھوڑا سا خوف وغیرہ رہتا ہے، مہربانی فرما کر کچھ دعائیں بتا دیجیے۔
نظرِ بد کے اثرات اتارنے کے لیے سورۂ فاتحہ ، آیۃ الکرسی ،معوذتین اور مندرجہ ذیل دعاپڑھیں:
"أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ ، وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لاَمَّةٍ." (اسوۂ رسول اکرم ﷺ)
2- پارہ نمبر 29 میں سورہ قلم کی آخری دو آیات سات مرتبہ پڑھ کر دم کرنا بھی نظرِ بد کے لیے مفید ہے۔
3-جس کو نظرِبد لگ جائے تواس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس قولِ مبارک سے دم کیا جائے :
"بِسْمِ اللهِ اَللّٰهُمَّ أَذْهِبْ حرَّهَا وَبَردَهَا وَوَصْبَهَا".
ترجمہ :اللہ کے نام پر، اے اللہ تواس (نظربد)کے گرم وسرد کو اوردکھ درد کو دورکردے ۔
اس کے بعد یہ کلما ت کہے : "قُمْ بِـإِذنِ اللهِ".
ترجمہ : اللہ کے حکم سے کھڑا ہو جا ۔(حصن حصین )۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144310101165
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن