بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1446ھ 20 اپریل 2025 ء

دارالافتاء

 

عیسائی کی بیوی مسلمان ہوجائے تو نکاح و عدت کا کیا حکم ہے؟


سوال

میرا تعلق عیسائی مذہب سے ہے، میری بیوی سے چار بچے ہیں، اب اس نے بھاگ کر مسلمان ہوکر دوسری جگہ شادی کر لی،  جس دن گھر سے بھاگی اسی دن مسلمان ہوکر شادی کر لی، کیا اس پر عدت کا حکم لاگو ہوگا یا نہیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں سائل کا بیان اگر واقعۃ صحیح ہے کہ سائل کی مذکورہ بیوی نے اسلام قبول کرکے اسی دن کسی مسلمان شخص کے ساتھ شادی کر لی تو شرعاً یہ دوسرا نکاح منعقد ہی نہیں ہوا، اس لیے اس معاملہ میں شرعی حکم اور قاعدہ یہ ہے کہ اگر کوئی غیر مسلم شادی شدہ عورت مسلمان  ہوجائے تو اسلام قبول کرنے کے بعد اس کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنے شوہر کو اپنے مسلمان ہونے کی خبر دے، اور اس شوہر کو شرعی گواہوں کی موجودگی میں اسلام قبول کرنے کی دعوت دے، اگر شوہر اسلام قبول کر لے تو فبہا دونوں کا نکاح قائم رہے گا، اور اگر شوہر انکار کرے یا خاموشی اختیار کرےتو ان دونوں صورتوں  (انکار یا خاموشی) کے فوراً بعد  عورت کی عدت شروع ہوجائے گی،  عدت (پوری تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو، اگر حمل ہو تو بچہ پیدا ہونے تک) کے بعد نو مسلم عورت کسی بھی مسلمان مرد کے ساتھ  نکاح ہو سکتا ہے، وگرنہ شوہر پر اسلام پیش کرنے سے پہلے کسی دوسری جگہ نکاح نہیں کر سکتی، الغرض مذکورہ عورت کا دوسری جگہ نکاح شرعا منعقد نہیں ہوا۔

(حیلہ ناجزہ، ص:109/110، ط:دار الاشاعت)

فتاویٰ شامی میں ہے:

"(وإذا) (أسلم أحد الزوجين المجوسيين أو امرأة الكتابي عرض الإسلام على الآخر، فإن أسلم) فيها (وإلا) بأن أبى أو سكت (فرق بينهما...ولو) (أسلم أحدهما) أي أحد المجوسيين أو امرأة الكتابي (ثمة) أي في دار الحرب وملحق بها كالبحر الملح (لم تبن حتى تحيض ثلاثا) أو تمضي ثلاثة أشهر (قبل إسلام الآخر) إقامة لشرط الفرقة مقام السبب.

(قوله فرق بينهما) وما لم يفرق القاضي فهي زوجته."

(كتاب النكاح، باب نكاح الكافر، ج:3، ص:190، ط: سعيد)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144404101893

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں