بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو الحجة 1445ھ 01 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

نوچندی والے دن میٹھا بنانا


سوال

 میری والدہ کافی عرصہ دراز سے نو چندی جمعرات کو کچھ میٹھا بناتی ہیں، تو ان کو جب سمجھایا کے یہ درست نہیں ہے تو انھوں نے چھوڑ دیا مگر اب پھر کچھ عرصے سے دوبارہ بنانے لگیں ہیں، اور ان کا کہنا ہے میں  تو ویسے ہی میٹھا بنا کے کھاتی ہوں، میرا نو چندی کی مناسبت سےبنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہوتا، تو اس صورت میں کیا حکم ہے؟. جب کہ بعض مرتبہ نو چندی جمعرات کےعلاوہ بھی بنا لیتی ہیں مگر دن اکثر جمعرات کا ہی ہوتا ہے۔

جواب

قمری (چاند کے حساب والے) مہینے کی پہلی جمعرات عوام میں نو چندی جمعرات کے نام سے مشہور ہے، اور اس جمعرات سے متعلق عوام میں مختلف قسم کے غلط عقائد مشہور ہیں، مثلاً اس جمعرات کو دینی اعتبار سے زیادہ بابرکت سمجھنا، اس رات کو دعا کی زیادہ قبولیت والا سمجھنا، اس رات میں مختلف قسم کی عبادات کرنا اور مزارات پر حاضری دینا وغیرہ، لہذا ان  غلط عقائد اور اہل بدعت کے ساتھ تشبہ کی وجہ سے خاص اہتمام کے ساتھ کوئی کا م نہ کیا جائے بلکہ ا جتناب کرنا چاہیے،لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر والدہ نوچندی جمعرات کو ثواب اور دین سمجھ کر میٹھا بناتی ہیں تو جائز نہیں،اور اگر  ایسی کوئی نیت نہیں  ہوتی تو شرعاً کوئی قباحت نہیں،اسی طرح  اگربچے جمعرات کو گھر آتے ہیں اس لئے میٹھا بناتی ہے تو اس میں بھی کوئی قباحت نہیں۔

"مسند احمد "میں ہے:

"ما أحدث قومٌ بدعةً إلا رفع مثلها من السنة."

 (بیروت: المکتب الإسلامي ۱۳۹۸ھ جلد:۴، ص:۱۰۵) 

ترجمہ:جب کوئی قوم کوئی بدعت ایجاد کرتی ہے،تو اس جیسی ایک سنت اٹھالی جاتی ہے۔

       ایک اور حدیثِ  مبارک  میں ہے:

" قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم .... من تشبه بقوم فهو منهم."

(المسند الجامع، الجھاد، 10/716 ،رقم الحدیث؛8127،  دار الجیل)

ترجمہ : حضورﷺ کا ارشاد ہے؛  جس شخص نے کسی قوم کی مشابہت اختیار کی  تو وہ شخص اسی قوم میں شمار ہوگا۔

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144404100132

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں