آج کل جو پی ایس ایل کے میچ چل رہیں ہیں کیا ان دیکھنا درست ہے کہ نہیں ؟
ٹی وی ،یا کسی بھی ڈیجیٹل ذریعہ سے میچ دیکھنا جائز نہیں ، اسلئے کہ ٹی وی یا موبائل پر دیکھنے میں تصاویر کا دیکھنا لازم آتا ہے، نیز اس میں وقت کا ضیاع بھی ہے، کہ ایک غیر مفید مشغلہ میں اپنے وقت کو صرف کیا جائے، نیز اس میں عموما موسیقی کا سننا بھی لازم آتا ہے، اس لئے اجتناب لازم ہے۔قرآن مجید میں اللہ تعالی نے فضول کاموں سے بچنے کو ایمان والوں کی صفت قراردی ہے،چنانچہ باری تعالیٰ کا رشاد ہے:
"قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَاشِعُونَ وَالَّذِينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ" (المؤمنون:1،2،3)
ترجمہ : ”بالتحقیق ان مسلمانوں نے آخرت میں فلاح پائی۔جو اپنی نماز میں خشوع کرنے والے ہیں۔اور جو لغو باتوں سے (خواہ قولی ہوں یا فعلی) پر کنار رہنے والے ہیں۔(از بیان القرآن)
اسی طرح حضور اکرمﷺ نے لایعنی کاموں سے بچنے کو کامل ایمان کی علامت قرار دیا ہے۔ سنن ترمذی میں ہے:
"عن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم: من حسن إسلام المرء تركه مالا يعنيه."
(کتاب الزهد، باب قبیل باب في قلة الکلام: ج:4،ص:558، ط: دار إحیاء التراث العربي)
ترجمہ: ” حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ فضول باتوں کو چھوڑ دینا، آدمی کے اسلام کی اچھائی کی دلیل ہے ۔“
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144610100813
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن