ایک امام صاحب عشاء کی دوسری رکعت میں الم سجدہ کی آیت نمبر 27 سے تلاوت شروع کی ،جس کے آخر میں "افلا یبصرون "کی جگہ "افلا تبصرون "پڑھ ليا،اس کے بعد آیت نمبر 28 پڑھی ، اور اس آیت میں"ویقولون متی ھذا الفتح ان کنتم صدقین"کی بجائے"ویقولون متی ھذا الوعد ان کنتم صدقین "پڑھ ليا، جس پر ایک نمازی نے لقمہ دیا اور امام نے تصحیح کرلی، اس کے بعد آیت نمبر29 پڑھی ،جس میں"قل یوم الفتح لاینفع الذین کفرو ایمانھم ولاھم ینظرون"کے بجائے "قل یوم الوعد لاینفع الذین کفرو ایمانھم ولاھم ینظرون "کے الفاظ پڑھ کر تلاوت مکمل کی ،كيا اس سے نماز ادا ہو گئی ہے؟
صورتِ مسئولہ میں چوں کہ مذکورہ اغلاط ایسی نہیں ہےجس سے معنی میں تغیر فاحش پیدا ہوا ہو،اور امام نے بعض جگہ میں تصحیح بھی کرلی تھی،لہذا ا س سے نماز میں کوئی فرق نہیں آئے گا، بلکہ نماز ادا ہوجائے گی۔
فتاوی عالمگيری میں ہے:
(ومنها) ذكر حرف مكان حرف إن ذكر حرفا مكان حرف ولم يغير المعنى بأن قرأ إن المسلمون إن الظالمون وما أشبه ذلك لم تفسد صلاته وإن غير المعنى فإن أمكن الفصل بين الحرفين من غير مشقة كالطاء مع الصاد فقرأ الطالحات مكان الصالحات تفسد صلاته عند الكل وإن كان لا يمكن الفصل بين الحرفين إلا بمشقة كالظاء مع الضاد والصاد مع السين والطاء مع التاء اختلف المشايخ قال أكثرهم لا تفسد صلاته. هكذا في فتاوى قاضي خان.
(كتاب الصلاة، الباب الرابع،الفصل الخامس، 79/1، ط:دار الفکر)
وفيه ايضا:
"ذكر في الفوائد: لو قرأ في الصلاة بخطأ فاحش، ثم رجع وقرأ صحيحاً، قال: عندي صلاته جائزة وكذلك الإعراب".
(كتاب الصلاة، الباب الرابع، الفصل الخامس فی زلة القاری،1 / 82، ط؛دار الفكر)
فقط والله اعلم
فتوی نمبر : 144602102483
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن