بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

دارالافتاء

 

قران پاک کو پکا رکھنے کے لیے کیا ضروری ہے؟


سوال

قران پاک کو پکا رکھنے کے لیے کوئی دُعا اگر ہے تو بتادیں۔

جواب

قرآن کریم کو یادرکھنے کے لیے اوراد و وظائف کے بجاۓ اصل تو دو چیزیں ہیں، ایک یہ کہ گناہوں سے اجتناب   اور دوسرا قرآن کریم سے تعلق۔یہ دو چیزوں ہوں گی تو پھر ان شاءاللہ اوراد و وظائف کا اثر بھی ہوگا اور فائدہ بھی ہوگا۔

سب سےپہلے ضروری کے حافظِ قرآن ہر قسم  کے گناہوں سے اپنے آپ کو محفُوط رکھے،  قران کریم کاحافظ اگر گناہوں سے نہ بچتا ہو تو قرآن بھول بھی جاتا ہے، اس لیے ہر طرح کے گناہ سے بچنے کا اہتمام نہایت ضروری ہے۔ 

دُوسری بات کہ حفظِ قرآنِ کریم مکمل کرنے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کسی بھی طریقے سے قرآنِ کریم کی تلاوت کا معمول رکھے (چاہے خود پڑھے یا پھر کسی کو منزل سنائے)، کیونکہ یہ قُرآنِ کریم کا حق ہے۔

البتہ حفظِ قرآن کے لیے ایک مسنون عمل بھی حدیث کی کتابوں میں ملتا ہے، جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو بتایا تھا،حضرت علی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپ پر قربان! میں قرآن یاد کرتا ہوں لیکن وہ میرے سینے سے نکل جاتا ہے، محفوظ نہیں رہتا، آپ ﷺ نے فرمایا کہ تو میں تجھے ایسی ترکیب بتاؤں جو تجھے بھی نفع دے اور جسے تو بتائے اسے بھی نفع دے اور جو کچھ تو سیکھے وہ محفوظ رہے؟حضرت علی رضی اللہ عنہ کے دریافت فرمانے پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ شبِ جمعہ میں آخری تہائی رات میں اٹھ سکے تو بہت اچھا ہے کہ یہ فرشتوں کے اترنے کا وقت ہوتا ہے اور اس وقت دعاخاص طور پر قبول ہوتی ہے،اس وقت جاگنا مشکل ہو تو آدھی رات میں اور یہ بھی نہ ہوسکے تو رات کے شروع میں ہی کھڑا ہو اورچار رکعت نمازِ نفل پڑھ ،  پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ یسین، دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ دخان، تیسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ الم سجدہ اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ ملک پڑھ اور چوتھی رکعت کی التحیات سے فارغ ہونے کے بعد اللہ تعالی کی حمدوثنا اورمجھ پر درود وسلام بھیج، تمام انبیاء علیہم السلام پربھی درود بھیج اوراس کے بعد تمام مؤمنین اور تمام مرحوم مسلمانوں کے لیے استغفار کر اور پھریہ (درجِ ذیل) دعا مانگ:

اَلَّلهُمَّ ارْحَمْنِيْ بِتَرْکِ الْمَعَاْصِيْ أَبَدًا مَا أَبْقَیْتَنِيْ، وَارْحَمْنِيْ أَنْ أَتَکَلَّفَ مَاْ لاَیَعْنِیْنِيْ، وَارْزُقْنِيْ حُسْنَ النَّظَرِ فِیْمَاْ یُرْضِیْکَ عَنِّيْ، الَّلهُمَّ بَدِیْعَ السَّمَاْوَاْتِ وَالْأَرْضِ ذَاْالْجَلَاْلِ وَالْاِکْرَاْمِ وَالْعِزَّةِ الَّتِيْ لَاْ تُرَاْمُ أَسْأَلُکَ یَاْ اَللهُ یَاْ رَحْمٰنُ بِجَلَاْلِکَ وَنُوْرِ وَجْهِکَ أَنْ تُلْزِمَ قَلْبِيْ حِفْظَ کِتَاْبِکَ کَمَاْ عَلَّمْتَنِيْ، وَارْزُقْنِيْ أَنْ أَقْرَأَهُ عَلَی النَّحْوِ الَّذِيْ یُرْضِیْکَ عَنِّيْ، الّٰلهُمَّ بَدِیْعَ السَّمَاْوَاْتِ وَالْاَرْضِ ذَاْالْجَلَاْلِ وَالْاِکْرَاْمِ وَالْعِزَّةِ الَّتِيْ لَاْ تُرَاْمُ أَسْأَلُکَ یَاْ اَللهُ یَاْ رَحْمٰنُ بِجَلَاْلِکَ وَنُوْرِ وَجْهِکَ أَنْ تُنَوِّرَ بِکِتَاْبِکَ بَصَرِيْ، وَأَنْ تُطْلِقَ بِهِ لِسَاْنِيْ، وَأَنْ تُفَرِّجَ بِهِ عَنْ قَلْبِيْ، وَأَنْ تَشْرَحَ بِهِ صَدْرِيْ، وَأَنْ تَغْسِلَ بِهِ بَدَنِيْ؛ فَإِنَّهُ لَاْ یُعِیْنُنِيْ عَلَی الْحَقِّ غَیْرُکَ، وَلَاْ یُؤْتِیْهِ إِلَّاْ اَنْتَ، وَلَاْ حَوْلَ وَلَاْ قُوَّةَ إِلَّاْ بِاللهِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْمِ".

 پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :اے علی! اس عمل کو تین جمعہ یا پانچ جمعہ یا سات جمعہ کر،ان شاء اللہ دعا ضرور قبول ہوگی۔

(سنن ترمذی ومستدرک حاکم) 

یہ عمل حضرت مولانا زکریا صاحب رحمہ اللہ نے اپنے رسالےفضائلِ قرآن کے آخر میں بھی میں بھی ذکر کیا ہے۔اگر حافظ نہ ہونے کی بنا پر اس عمل کا کرنا مشکل ہو تو ہر نماز کے بعد گیارہ بار ’’رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ وَیَسِّرْ لِيْ أَمْرِيْ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِيْ یَفْقَهُوْا قَوْلِيْ‘‘پڑھیں۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144410100862

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں