بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

دارالافتاء

 

قرآن کو بغیر پڑھے صرف انگلی پھیر بسم اللہ پڑھنے کا حکم


سوال

قرآن پڑھنانہیں آتا،اورسیکھنابھی نہیں چاہتا، مگر قرآن پڑھنے کاشوق ہے،تو قرآن مجیدکھول کرہرصفحےپرانگلی سےبسم اللہ پڑھنے سےتکمیل ہوجاتی ہے ؟یہ جائزہے؟ رہنمائی فرمادیں۔

جواب

واضح رہے کہ حدیث شریف میں  قرآن مجید  کو سیکھنے اور سکھانے والے شخص کو بہترین شخص قرار دیا گیا ہے، لہذا قرآن کو سیکھنا چاہیے پھر پڑھنا چاہیے، کیوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

"الماهر بالقرآن مع السفرة الكرام البررة. والذي يقرأ القرآن ويتتعتع فيه، وهو عليه شاق، له أجران".

(باب فضل الماهر بالقرآن والذي يتتعتع فيه،ج:1،ص:549،ط:مطبعة عيسى البابي الحلبي)

ترجمہ: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: قرآنِ مجید کا ماہر مقربین فرشتوں کے ساتھ ہوگا، اور جو شخص قرآن پڑھتے ہوئے اٹکے اور (درست تلفظ کی) ادائیگی اس پر شاق گزرے، اس کے لیے دو اجر ہیں۔

اگر کوئی شخص   نہیں پڑھ سکتا  اور  مصحف کی سطروں پر صرف انگلی پھیر کر بسم اللہ پڑھتا ہے تو  اسے بھی ثواب ملے گا،  البتہ یوں صرف انگلی پھیر کر بسم اللہ  پڑھنا  قرآن کو   پڑھ کر ختم کرنے کے برابر نہیں ہو سکتا   اور نہ ہی اس سے تکمیل قرآن ہوگی، اس لیے کہ قرآن کریم کے ایک ایک حرف پر دس نیکیاں ہیں اور وہ نیکیاں پڑھنے پر ہیں صرف انگلی پھیرنے پر نہیں۔ لہذا مذکورہ شخص  کو چاہیے کہ کسی قاری صاحب کے پاس جا کر قرآن کریم کی تلاوت کرناسیکھے، قرآن کریم کی تلاوت کرنا قرآن کریم کے حقوق میں سے  ہے۔

سنن ترمذی میں ہے:

"قال رسول الله صلى الله عليه و سلم: "من قرأ حرفًا من كتاب الله، فله به حسنة، و الحسنة بعشر أمثالها، لا أقول الم حرف، و لكن ألف حرف، و لام حرف، وميم حرف".

(أبواب فضائل القرآن، باب ما جاء فيمن قرأ حرفًا من القرآن ما له من الأجر، ج:5، ص:176، ط: دار الرسالة العالمية) 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144509102481

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں