میں ایک حافظِ قرآن ہوں،تقریباً پندرہ پارے یاد ہیں، اور آخری پندرہ بھول گیا ہوں، جو پندرہ یاد ہیں، وہ بار بار پڑھتا ہوں، آگے والے بہت مشکل لگتے ہیں، ابھی مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے کہ اس حالت میں اگر موت آگی،تو میرا کیا حشر ہوگا، مجھے قرآن پاک کو یاد کرنے کا آسان طریقہ اور کوئی دعا بھی بتادیں، تاکہ میں دوبارہ قرآن پاک یاد کرلوں۔
اگر کوئی شخص قرآنِ مجید یاد کرکے پورا ےا کچھ حصہ بھول گیا ہو تو اس کو مایوس نہیں ہونا چاہیے، محنت کرکے دوبارہ قرآنِ کریم یاد کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے مندرجہ ذیل تدابیر اختیار کی جاسکتی ہیں:
(۱) اگر ممکن ہو تو کسی مدرسہ میں باقاعدہ داخلہ لے کر یاد کرنا شروع کردے۔
(۲) اگر پورا دن دینا ممکن نہ ہو تو ایک یا دو گھنٹے کے لیے کسی قاری صاحب سے وقت لے کر ان کی نگرانی میں یاد کرنا شروع کردے۔
(۳) اگر کسی قاری صاحب کے پاس بیٹھ کر پابندی سے وقت دینے کی ترتیب نہ بن سکے تو از خود وقت نکال کر روزانہ کی بنیاد ایک رکوع، یا ایک پاؤ یا جس قدر آسان ہو یاد کرنا شروع کردے۔
(۴) جس قدر قرآن یاد ہوتا جائے اسے سنن و نوافل میں پڑھنے کا اہتمام کرے، اور تحفیظ کی ترتیب کے مطابق جو پارہ یاد کررہے ہوں اسے روزانہ کی بنیاد پر اور پچھلے پاروں میں سے ایک یا دو پارے منزل کی ترتیب پر دہراتا رہے، اور مکمل یاد ہونے پر ماہِ رمضان میں تراویح میں قرآن سنانے کا اہتمام کرے۔
(۵) گناہوں سے حافظہ کم زور ہوتا ہے، خصوصاً قران کریم کاحافظ اگر گناہوں سے نہ بچتا ہو تو قرآن بھی بھول جاتا ہے، اس لیے ہر طرح کے گناہ سے بچنے کا اہتمام نہایت ضروری ہے۔
اور دعاکا بھی اہتمام کرتا رہے، درج ذیل دعائیں زیادہ مجرب ہے:
ہر نماز کے بعد گیارہ بار "رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ وَیَسِّرْ لِيْ أَمْرِيْ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِيْ یَفْقَهُوْا قَوْلِيْ" پڑھیں۔
ہر فرض نماز کے بعد دایاں ہاتھ پیشانی پر رکھ کر گیارہ مرتبہ "یَاقَوِيُّ" پڑھیں۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144608101894
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن