بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 ذو الحجة 1445ھ 30 جون 2024 ء

دارالافتاء

 

قربانی کا گوشت تین حصے کرنے کے بجائے فریج میں محفوظ کرنا یا اس کی دعوت کرنا


سوال

آج کل لوگ قربانی کے گوشت کو تین حصے کرنے کے بجائے فریج میں لگا دیتے ہیں اور مہینوں تک کھاتے ہیں؛ کیوں کہ فریج میں خراب نہیں ہوتا، یا پھر ایسا کرتے ہیں کہ دو تین دن کے بعد دیگ اتار کر پورے محلے کی دعوت کردیتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے صحیح مصرف میں خرچ کردیا تو کیا شریعت کی رو سے یہ دونوں عمل مناسب ہیں، حال آں کہ اس وقت حالات کی وجہ سے ضرورت مندوں کی تعداد بہت زیادہ ہے،  گویا یہ رسم بن چکی ہے،  اس کے بارے میں بتلادیجیے!

جواب

 قربانی  کے  گوشت کو تین حصوں میں تقسیم کرنا مستحب ہے، ایک تہائی حصہ فقراء ومساکین کے لیے، ایک حصہ رشتہ داروں اور اقارب کے لیے اور ایک حصہ گھروالوں کے لیے، یہ افضل اور بہتر طریقہ ہے، اس میں ثواب زیادہ ہے، اور  اگر مکمل گوشت خود رکھ لیں یا اس کی دعوت کردیں تو  یہ بھی جائز  ہے، تاہم بہتر نہیں ہے،  البتہ   اگر  کسی شخص کے اہل وعیال زیادہ ہیں اور ان کو   گوشت کی  ضرورت   زیادہ ہے تو ایسے شخص کے لیے اپنے لیے  سب گوشت  خود رکھ  لینا خلافِ  اولیٰ  نہیں  ہے، اسی طرح اگر گوشت تقسیم کیے بغیر اس سے کھانا پکا کر تقسیم کردیا گیا تو بھی خلافِ اولیٰ نہیں ہوگا۔ باقی اہلِ خیر کو اپنے ارد گرد کے فقراء و مساکین کی  ہر وقت  خبر گیری  اور ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

الفتاوى الهندية (5/ 300):

"ويستحب أن يأكل من أضحيته ويطعم منها غيره، والأفضل أن يتصدق بالثلث، ويتخذ الثلث ضيافة لأقاربه وأصدقائه، ويدخر الثلث، ويطعم الغني والفقير جميعاً، كذا في البدائع. ويهب منها ما شاء للغني والفقير والمسلم والذمي، كذا في الغياثية.

ولو تصدق بالكل جاز، ولو حبس الكل لنفسه جاز، وله أن يدخر الكل لنفسه فوق ثلاثة أيام إلا أن إطعامها والتصدق بها أفضل، إلا أن يكون الرجل ذا عيال وغير موسع الحال، فإن الأفضل له حينئذٍ أن يدعه لعياله ويوسع عليهم به، كذا في البدائع''.

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212200441

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں