قربانی کس پر واجب ہے؟
جو شخص قربانی کے ایام میں نصاب کا مالک ہو، یعنی اس کے پاس ضرورت سے زائد اتنا مال، سونا، چاندی، مالِ تجارت یا نقد کی صورت میں موجود ہو، جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کو پہنچ رہی ہو (اگرچہ اس مال پر سال نہ گزرا ہو) تو ایسے شخص پر قربانی کرنا واجب ہے۔
الدر المختار مع رد المحتار میں ہے:
"وشرعا (ذبح حيوان مخصوص بنية القربة في وقت مخصوص. وشرائطها: الإسلام والإقامة واليسار الذي يتعلق به) وجوب (صدقة الفطر) كما مر (لا الذكورة فتجب على الأنثى).
(قوله واليسار إلخ) بأن ملك مائتي درهم أو عرضا يساويها غير مسكنه وثياب اللبس أو متاع يحتاجه إلى أن يذبح الأضحية ولو له عقار يستغله فقيل تلزم لو قيمته نصابا."
(كتاب الأضحية، ج:6، ص:312، ط:سعيد)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144610100078
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن