بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو الحجة 1445ھ 01 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

رضائی بنانے والے سے لوگ اپنا مال وصول نہ کریں تو وہ کیا کرے؟


سوال

میرا روئی کا کاروبار ہے، لوگ گھروں سے پرانی رضائیاں اور تلائیاں لاتے ہیں، ہم اسے دوبارہ بناتے ہیں اور دو تین دن کے بعد انہیں واپس لے جانے کا کہتے ہیں.

1.لیکن بعض لوگ دو تین سال بعد اپنا سامان یعنی امانت واپس لینے آتے ہیں، اور بعض لوگوں کا سامان ہم سے گم ہوجاتا ہے یا خراب ہوجاتا ہے،  چوہے انہیں خراب کر دیتے ہیں، تو کیا سامان گم ہونے یا خراب ہونے کی وجہ سے تاوان ہم پر ہوگا یا نہیں؟

2.بعض لوگ تو سامان واپس لے جاتے ہی نہیں ان کا کیا کریں؟ جو لوگ سامان واپس نہیں لے جاتےان میں سے بعض لوگوں پر ہمارے بقایاجات (پیسے) رہتے ہیں تو  کیا ہم ان کا سامان بیچ کر بقایاجات پیسے نکال سکتے ہیں اور کس طرح نکالیں؟

3. اور جن لوگوں نے پیسے ایڈوانس دیے ہوتے ہیں بقایاجات پیسے نہیں رہتے ان کے سامان کا کیا کریں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں کام لیتے وقت اس بات کی وضاحت کردیا کریں کہ مثلاً پندرہ یا بیس دن تک ہم آپ کی رضائی سنبھال کر رکھیں گے، اگر اس دوران آپ نے رضائی وغیرہ وصول نہ کی تو ہم اسے فروخت کرکے اپنی بقایا اجرت کاٹ کر آپ کی رقم مثلاً ایک سال تک اپنے پاس محفوظ رکھیں گے، اس کے بعد وہ رقم بھی صدقہ کردیں گے،  پس مذکورہ معاہدہ کے مطابق آپ کو عمل کرنے کا اختیار ہوگا۔

جب تک مذکورہ  بالا معاہدہ نہ ہو تو  اس وقت تک لوگوں کا سامان آپ کے پاس امانت ہوگا، جس کے ضائع ہونے یا خراب ہونے میں اگر آپ کی جانب سے کسی قسم کی زیادتی نہ کی گئی ہو تو اس صورت میں آپ پر ضامان نہ ہوگا، البتہ اگر ضیاع میں آپ کی جانب سے تعدی (زیادتی) پائی جائے تو  آپ ضامن ہوں گے، لہذا تیار شدہ مال کے حوالے سے آپ کو چاہیے کہ مالکان سے فون پر رابطہ کرکے تفصیل بالا سے آگاہ کردیں، اور انہیں ایک وقت دے دیں کہ اپنا مال مثلاً پانچ دس دن میں وصول کرلیں، بصورتِ دیگر اسے صدقہ کردیا جائے گا۔  اس اطلاع اور مدت گزرنے کے بعد جس صورت میں آپ کی اجرت باقی ہو وہ رکھ کر بقیہ رقم صدقہ کرنے کے آپ مجاز ہوں گے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200899

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں