1) کیا پہلی مسجد کے واش روم اور طہارت خانوں کی دیواروں کی اینٹیں نئی مسجد کے صحن کے فرش میں استعمال کی جا سکتی ہیں؟
2) کیا ٹوبہ مویشیاں کی دیواروں کا اینٹ روڑہ مسجد کے صحن میں استعمال ہو سکتا ہے؟
صورت مسئولہ میں مذکورہ جگہوں میں استعمال شدہ اینٹوں اور روڑے کے علاوہ کسی اور ذریعے سے اگر مسجد کے صحن کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں تو بہتریہی ہے کہ ان مقامات میں استعمال شدہ اینٹوں اور روڑے کو مسجد کے صحن میں استعمال نہ کیا جائےاور اگر متبادل انتظام مشکل ہوتواس صورت میں مذکورہ مقامات کی اینٹوں اورروڑے پر ظاہری نجاست نہ ہوتوان کا مسجد کے صحن میں لگانا اور اس پر نماز پڑھنا جائز ہوگا۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"فَلِأَنَّهُ مُسْتَقْذَرٌ طَبْعًا فَيَجِبُ تَنْزِيهُ الْمَسْجِدِ عَنْهُ كَمَا يَجِبُ تَنْزِيهُهُ عَنْ الْمُخَاطِ وَالْبَلْغَمِ۔"
(بدائع لصنائع ،کتاب الطھارۃ(1/ 68)ط:ایچ ایم سعید کراچی)
فیض الباری میں ہے:
" (القَذَر) وهو ما يَسْتَقْذره الإنسان طبعًا فهو أعمُّ من النَّجَاسَةِ وغيرها،"
(فیض الباری شر ح صحیح البخاری باب اذابدرہ البزاق فلیاخذبطرف ثوبہ(2/ 167) ط:مکتبۃ مشکاۃ الاسلامیہ)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144307102248
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن