میرے چچا نے نشے کی حالت میں اپنی بیوی سے لڑائی جھگڑے کے دوران انہیں مذکورہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے طلاق دی کہ:"میں تمہیں طلاق دیتا ہوں" اور انگلیوں سے اشارہ کرتے ہوئے ایک ،دو ،تین کہا، اس دوران میرے ایک اور چچا بھی وہاں موجود تھے،اب میرے چچا انکار کر رہے ہیں کہ میں نے طلاق ہی نہیں دی،جب کہ دوسرے چچا جو کہ وہاں موجود تھے ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے طلاق دی ہے اور عورت بھی اسی کی قائل ہے کہ طلاق دی ہے۔
مذکورہ صورت میں شریعت کی روشنی میں طلاق ہوئی یا نہیں؟اور اگر ہوئی تو کتنی ہوئی؟
وضاحت:ایک دو تین کا لفظ زبان سے ادا کیا ہے طلاق کے جملے کے ساتھ۔
اگر واقعۃ آپ کے چچا نے نشے میں اپنی بیوی سےایک ہی جملے میں یہ کہا کہ" میں تمہیں طلاق دیتا ہوں ایک، دو، تین " تو اس سے آپ کے چچا کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہوگئیں، بیوی شوہر پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوچکی ہے، نکاح ختم ہوچکاہے،اب رجوع جائز نہیں ہے اور نہ دوبارہ نکاح ہوسکتاہے،بیوی اپنی عدت (پوری تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو، اگر حمل ہو توبچے کی پیدائش تک) گزار کر دوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے،البتہ اگر چچا کی بیوی عدت کے بعد کسی اور شخص کے ساتھ نکاح کرلے، اور اس کے ساتھ صحبت یعنی جسمانی تعلق ہوجائے، پھر وہ شوہر اسے طلاق دے دے یا بیوی طلاق لے لے یا شوہر کا انتقال ہوجائے، اس کی عدت گزار کر سائل کے ساتھ دوبارہ نکاح ہوسکتاہے، اس کے بغیر دوبارہ ایک ساتھ رہنے کی کوئی صورت نہیں ہے۔البتہ اگر چچا بالکل طلاق کے منکر ہیں تو ایسی صورت میں دونوں مل کر کسی مفتی یا عالم دین کو فیصل مقرر کریں پھر بیوی اپنے دعوے کو دو گواہوں سے ثابت کرے، اگر دو گواہوں سے شوہر کا طلاق دینا ثابت ہوگیا تو فیصل تین طلاقیں واقع ہونے کا فیصلہ دے دیں اور اس صورت میں نکاح ختم ہوجائے گا، اور شوہر کا بیوی سے کسی بھی قسم کا تعلق رکھنا حرام ہوگا، اور اگر دو گواہوں سے شوہر کا طلاق دینا ثابت نہیں ہوا تو فیصل طلاق واقع ہونے کا فیصلہ نہ کریں۔
فتاوی شامی میں ہے:
"(قوله: و الطلاق يقع بعدد قرن به لا به) أي متي قرن الطلاق بالعدد كان الوقوع بالعدد بدليل ما أجمعوا عليه من أنه قال لغير المدخول بها: أنت طالق ثلاثاً طلقت ثلاثاً، و لو كان الوقوع بطالق لبانت لا إلى عدة فلغا العدد ... الخ
(کتاب الطلاق، مطلب الطلاق يقع بعدد قرن به لا به، ج:3، ص:287، ط:سعيد)
فقط و الله أعلم
فتوی نمبر : 144601102371
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن