میں اپنی امی پرغصہ ہوا اور وہ مجھ سے ناراض ہے ،میں معافی کے لئے بھی ان کے پاس گیا تو امی نے میرے ساتھ بات کی، لیکن چہرے کےتاثرات بتا رہے تھے کہ وہ مجھ سے ناراض ہیں ، اب کیا کروں؟ کون سا کفارہ ہو گا؟
صورت مسئولہ میں سائل کو چاہیے کہ اپنے عمل پر توبہ و استغفار کریں،والدہ کو راضی اور خوش کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہیں، ان کی خدمت زیادہ سے زیادہ کریں۔اور ان کے حق میں دعاء خیر بھی کرتے رہیں، اور یہ دعا مانگیں:
"رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّیٰنِیْ صَغِیْرًا" [بنی اسرائیل:۲۴]
ترجمہ: اے پروردگار ان دونوں پر رحمت فرمائیں جیساکہ انھوں نےمجھ کو بچپن میں پالا پرورش کیا ہے۔ ( ازبیان القرآن)
اسی طرح یہ دعا بھی کیا کریں:
"رَبَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابُ "
ترجمہ:اے پروردگار حساب (کتاب) کے دن مجھ کو اور میرے ماں باپ کو اور مومنوں کو مغفرت کیجیو۔
ان شاء اللہ آپ کی والدہ کا دل بھی آپ سے خوش ہوجائے گا اور آپ کی بھی مغفرت کا باعث ہوگا۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144506100315
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن