واٹس ایپ پر مسیج کرنے کے بعد جب مسیج دیکھنے والا مسیج دیکھ چکا ہوتا ہے،تو نیلے رنگ کا نشان ظاہر ہوجاتا ہے اور کچھ افراد نے یہ آپشن بند کیا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ میسج پڑھا جاچکا ہے یا نہیں، آیا اس طرح کرنا جائز ہے یا نہیں؟
صورت مسئولہ میں مذکورہ اپلیکیشن پر وصول کردہ پیغام دیکھنے کی صورت میں بلو چیک کا آپشن بند رکھنا استعمال کرنے والی کی مرضی پر ہےاورجائز ہے، ہاں البتہ پیغام دیکھنے اور پڑھ لینے کے باوجود پیغام بھیجنے والے کو یہ کہنا کہ میں نے آپ کا پیغام نہیں پڑھا، جھوٹ اور دھوکہ دہی میں داخل ہونے کی بنا پر جائز نہیں ہے۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"للمالك أن يتصرف في ملكه أي تصرف شاء."
(كتاب الدعوى، ج:6، ص:264، ط: دار الكتب العلمية)(باب جواب الكتاب، ص:382، ط:المطبعة السلفية ومكتبتها-القاهرة)
ضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:
’’عَلَيْكُمْ بِالصِّدْقِ فَإِنَّ الصِّدْقَ يَهْدِي إِلَى الْبِرِّ وَإِنَّ الْبِرَّ يَهْدِي إِلَى الْجَنَّةِ وَمَا يَزَالُ الرَّجُلُ يَصْدُقُ وَيَتَحَرَّى الصِّدْقَ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ صِدِّيقًا. وَإِيَّاكُمْ وَالْكَذِبَ فَإِنَّ الْكَذِبَ يَهْدِي إِلَى الْفُجُورِ وَإِنَّ الْفُجُورَ يَهْدِي إِلَى النَّارِ وَمَا يَزَالُ الرَّجُلُ يَكْذِبُ وَيَتَحَرَّى الْكَذِبَ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ كَذَّابًا» . مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ. وَفِي رِوَايَة مُسلم قَالَ: «إِنَّ الصِّدْقَ بِرٌّ وَإِنَّ الْبِرَّ يَهْدِي إِلَى الْجَنَّةِ. وَإِنَّ الْكَذِبَ فُجُورٌ وَإِنَّ الْفُجُورَ يهدي إِلَى النَّار.‘‘
(مشکاة المصابیح، ج:3، ص:1386، ط:المكتب الإسلامي - بيروت)
ترجمہ: تم پر سچ کہنا لازم ہے، اس لیے کہ سچ نیکی کی طرف لے جاتاہے، اور بے شک نیکی جنت تک لے جاتی ہے، اور آدمی برابر سچ کہتارہتاہے اور سچ کی تلاش میں رہتاہے، یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں "صدیق" (سچائی کے خاص مقام پر) لکھ دیا جاتاہے۔ اور خبردار تم جھوٹ سے بچ کر رہو ؛ اس لیے کہ جھوٹ گناہ و نافرمانی کی طرف لے جاتاہے، اور گناہ جہنم تک لے جاتاہے، اور آدمی برابر جھوٹ بولتارہتاہے اور جھوٹ کی تلاش میں رہتاہے یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں "کذاب" (بڑا جھوٹا) لکھ دیا جاتاہے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144603102773
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن