اگر ایک رمضان میں زکوٰۃ نکال کر رکھے اور دوسرے رمضان تک کسی وقت میں ادا کرے تو کیا زکوٰۃ ادا ہو جائے گی؟
واضح رہے کہ زکوٰۃ کی ادائیگی صاحبِ نصاب مسلمان پر سال مکمل ہونے پر فرض ہوتی ہے، اور اسے جلد از جلد ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ کی رقم الگ رکھ کر بعد میں مستحقین کو دینا اس وقت تک کافی نہیں جب تک وہ رقم مستحقین تک پہنچ نہ جائے۔ لہٰذا، زکوٰۃ کی رقم کو الگ رکھ کر بعد میں ادا کرنے کے بجائے، سال مکمل ہونے پر جلد از جلد مستحقین تک پہنچانا ضروری ہے۔
فتاوٰی ھندیہ میں ہے:
"إذا دفع الزكاة إلى الفقير لا يتم الدفع ما لم يقبضها أو يقبضها للفقير من له ولاية عليه نحو الأب والوصي يقبضان للصبي والمجنون كذا في الخلاصة."
(کتاب الزکوۃ،باب السابع فی المصارف،ج:1،ص:190،ط: رشیدیہ)
فتاوی شامی میں ہے:
"(وافتراضها عمري) أي على التراخي وصححه الباقاني وغيره (وقيل: فوري) أي واجب على الفور (وعليه الفتوى) كما في شرح الوهبانية (فيأثم بتأخيرها) بلا عذر.
قال ابن عابدين:(قوله: فيأثم بتأخيرها إلخ) ظاهره الإثم بالتأخير ولو قل كيوم أو يومين لأنهم فسروا الفور بأول أوقات الإمكان. وقد يقال المراد أن لا يؤخر إلى العام القابل لما في البدائع عن المنتقى بالنون إذا لم يؤد حتى مضى حولان فقد أساء وأثم اهـ فتأمل."
(کتاب الزکوٰۃ ج:2، ص:271، ط: سعيد)
فقط والله أعلم
فتوی نمبر : 144609101902
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن