بہن یا بیٹی کی شادی کے موقع پر اس کے سسرال سے ولیمہ کے پیسے یا پکے یا کچے چاول وغیرہ لینا جائز ہے؟
بہن یا بیٹی کی شادی کے موقع پر اگر بہن یا بیٹی کے سسرال والے بلا کسی جبر و اکراہ اور مطالبہ کے اپنی خوشی سے کوئی بھی چیز (پیسے، کپڑے یا راشن وغیرہ) دیں تو اس کا لینا جائز ہوگا، لیکن اگر بہن یا بیٹی کے سسرال والوں سے ان چیزوں کا مطالبہ کیا جائے اور وہ لوگ اصرار یا شرم یا رواج کی وجہ سے نہ چاہتے ہوئے مجبوراً یہ اشیاء دیں تو پھر لینا جائز نہیں ہوگا۔ اور اگر خوشی سے دیں لیکن یہ رواج ہو کہ بہن یا بیٹی کی شادی پر رقم یا راشن وغیرہ کا مطالبہ کیا جاتاہے، تو اس رسم کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسے ختم کرنا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144012200511
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن