ایک دوست کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی فیڈ باہر سے منگوائی جاتی ہے، اس میں سور کی آلائشیں شامل ہوتی ہیں؛ لہذا ایسی مرغی کھانا بھی حرام ہے۔
شرعی طور پر ذبح شدہ برائلر مرغی کاکھاناحلال ہے، محض لوگوں کی قیاس آرائیوں کی بنا پر کسی چیز کو حرام قرار نہیں دیاجاسکتا، اور نہ ہی مرغی کھانے سے ایمان جاتاہے۔
چکن کی فیڈ میں خنزیر ملانا یا خالص حرام یا جس میں حرام غالب ہو،ایسی خوراک مرغیوں کو کھلانا حرام ہے، یعنی انسان جو شرعی اَحکام کا مکلف ہے، وہ مرغی کو ایسی غذا دے، یہ حرام ہے، مگر ایسی مرغی جسے حرام کھلایا گیا ہو اگر اس میں حرام کی بو نہ ہو تو اس کاکھانا جائز ہے۔ دیسی مرغی بھی کیڑے مکوڑے کھاکر پلتی بڑھتی ہے۔ بہرحال کسی حلال جانور کا حرام یا ناپاک چیز کھالینا اس کے حرام ہونے کی کافی وجہ نہیں ہے، ہاں اگر اس جانور میں ناپاک یا حرام چیز کی بو پیدا ہوجائے تو جب تک اس میں یہ بو محسوس ہو، اس وقت تک اس حلال جانور کا کھانا ممنوع ہے، اور جب وہ بو زائل ہوجائے تو اس جانور کا کھانا بھی جائز ہوتاہے، فارمی مرغی میں نجاست یا حرام کی بو نہیں ہوتی ؛ اس لیے کا کھانا جائز ہے۔
رہا اس کامضر صحت ہونا تواطباء ہی اس کابہتر جواب دے سکتے ہیں۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144106200008
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن