فدیہ کی صحیح مقدار گندم کیا ہے؟ مدارس یا کسی دیگر فلاحی ادارے کو بھی دیا جا سکتا ہے؟ گندم کے سرکاری نرخ پر جو گوگل پر آرہا ہو ادا کیا جاسکتا ہے؟
فدیہ کی مقدار صدقۂ فطر کے برابر یعنی پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت ہے۔
کسی بھی غریب مستحق زکات کو فدیہ دیا جاسکتا ہے، لہٰذا اگر مدارس یا فلاحی ادارے اس کو صحیح مصرف پر خرچ کرتے ہوں، تو ان کو فدیے کی رقم دی جاسکتی ہے۔
ادائیگی کے وقت جو بازاری قیمت ہوگی، اس کے اعتبار سے فدیہ ادا کیا جائے، لہٰذا اگر گوگل پر نرخ بازاری نرخ کے مطابق ہو، تو اس کے حساب سے بھی ادا کیا جاسکتا ہے۔
الدر المختار میں ہے:
"(ولو مات وعليه صلوات فائتة وأوصى بالكفارة يعطى لكل صلاة نصف صاع من بر) كالفطرة."
(کتاب الصلاۃ، ج:2، ص:72، ط:سعید)
فقط واللہ أعلم
فتوی نمبر : 144606101362
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن