پاک وہند سے حج وعمرہ کی نیت سے جانے والوں کے لیے میقات کی تفصیل بتائیے؟
پاکستان اور ہندوستان سے بذریعہ بحری راستہ حج وعمرہ کے لیے جانے والوں کا میقات تو ’’یلملم‘‘ ہی ہے۔ البتہ ہوائی سفر کے دوران پاکستان سے سعودی عرب جانے والا جہاز عموماً ’’قرن المنازل‘‘ کی میقات یا اس کی محاذات سے گزر کر جدہ پہنچتا ہے؛ اس لیے جو پاکستانی حج یا عمرے کے لیے براستہ جدہ جارہاہو تو اس کے لیے اس مقام سے گزرنے سے پہلے احرام باندھنا ضروری ہوگا۔ البتہ اگر وہ پاکستان سے براہِ راست مدینہ جائے تو اس کے لیے مدینہ سے مکہ مکرمہ جاتے ہوئے میقات ’’ذوالحلیفہ‘‘ (بیرعلی) یعنی اہلِ مدینہ کا میقات ہوگا۔
باقی ہندوستانی ہوائی جہاز کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں، یہ ہمارے علم میں نہیں، اگر وہ سمندر کے اوپر سے سفر کرتے ہوئے، یمن (خلیج عدن) سے گزر کر، بحر احمر سے ہوتے ہوئے جدہ جاتے ہیں تو ہندوستانی زائرین کے لیے میقات ’’یلملم‘‘ ہوگا۔ اور اگر ہندوستانی جہاز خلیجِ عمان سے ہوکر دبئی سے گزرکر یا خلیجِ فارس سے ہوکر بحرین سے گزر کر پھر ریاض سے ہوتاہوا جدہ جاتاہے تو ان کا میقات بھی ’’قرن المنازل‘‘ اور اس کی محاذات ہوگا۔
"ميقات أهل اليمن وتهامة والهند: يلملم: جبل جنوبي مكة على مرحلتين منها". (الفقه الإسلامي وأدلته: ٣/ ٢١٢٩)فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144104200459
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن